تھائی لینڈ میں مسافر ٹرین حادثہ، کرین گرنے سے 12 افراد ہلاک

بنکاک:تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک سے شمال مشرقی علاقوں کی جانب جانے والی ایک مسافر ٹرین حادثے کا شکار ہو گئی، جس کے نتیجے میں کم از کم 12 افراد جان سے گئے جبکہ 30 سے زائد مسافر زخمی ہو گئے۔

پولیس حکام کے مطابق یہ واقعہ بدھ کی صبح صوبہ ناکھون راتچاسیما کے ضلع سکھیو میں پیش آیا، جو بنکاک سے تقریباً 230 کلومیٹر شمال مشرق میں واقع ہے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب ہائی اسپیڈ ریل منصوبے پر جاری تعمیراتی کام کے دوران ایک کرین اچانک منہدم ہو کر گزرتی ہوئی ٹرین کے ایک ڈبے پر آ گری۔

حادثے کے نتیجے میں ٹرین پٹڑی سے اتر گئی جبکہ ٹکر کے بعد کچھ دیر کے لیے آگ بھی بھڑک اٹھی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ فائر بریگیڈ نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پا لیا۔

ریسکیو حکام کے مطابق زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ جائے حادثہ پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ حادثے کی اصل وجوہات کا تعین کیا جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔