ڈیرہ اسماعیل خان: سی ٹی ڈی کی کارروائی، 3 دہشتگرد ہلاک

ڈیرہ اسماعیل خان:سی ٹی ڈی ڈیرہ اسماعیل خان ریجن نے انٹلیجنس بیسڈ کارروائی میں 3 مطلوب دہشتگرد ہلاک کر دیے۔

سی ٹی ڈی حکام کے مطابق ہلاک دہشتگردوں کی شناخت نعمت اللہ، عبد الرؤف افغانی اور مصطفیٰ کے ناموں سے ہوئی۔ ہلاک دہشتگرد پولیس اور سکیورٹی فورسز پر حملوں میں براہ راست ملوث تھے۔

کارروائی کے دوران ہلاک دہشتگردوں سے 3 کلاشنکوفیں، 9 میگزینیں، 2 ہینڈ گرینیڈز اور متعدد کارتوس برآمد ہوئے ہیں۔

آئی جی خیبر پختونخوا پولیس اور ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی نے کامیاب کارروائی پر سی ٹی ڈی ٹیمز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پولیس پر حملوں کا جواب دہشتگردوں کے خاتمے سے دیا جائے گا اور انٹلیجنس بیسڈ آپریشنز کا سلسلہ مزید تیز کر کے بیرونی دہشتگردوں کا خاتمہ یقینی بنایا جائے گا۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بھی سی ٹی ڈی کی اس کارروائی کو سراہا اور دہشتگردوں کے خاتمے پر جوانوں کی بہادری اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ یہ کارروائی دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے اور خیبر پختونخوا میں قیام امن قائم رکھنے میں اہم قدم ہے، اور پورا ملک بہادر فورسز کے ساتھ کھڑا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔