اسلام آباد:وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ سرکاری اداروں میں کرپشن کے باعث سالانہ تقریباً ایک ہزار ارب روپے ضائع ہو رہے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ قرضوں پر سود کی ادائیگی حکومت کا سب سے بڑا خرچ ہے، اور گزشتہ سال قرضوں پر سود کی مد میں 850 ارب روپے کی بچت کی گئی۔
پاکستان پالیسی ڈائیلاگ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ گزشتہ مالی سال ترسیلات زر 38 ارب ڈالر تھیں، جبکہ رواں مالی سال میں یہ 41 ارب ڈالر سے تجاوز کر جائیں گی۔ انہوں نے ڈھانچہ جاتی اصلاحات اور ایف بی آر کی ٹرانسفارمیشن پر عمل جاری رہنے کا ذکر کیا اور کہا کہ ٹیکس قوانین پر کمپلائنس اور انفورسمنٹ کے ذریعے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
محمد اورنگزیب نے بتایا کہ پی آئی اے کی نجکاری میں مقامی سرمایہ کاروں نے بھی حصہ لیا، جبکہ 24 سرکاری ادارے نجکاری کمیشن کے حوالے کیے جا چکے ہیں۔ یوٹیلٹی اسٹورز، پی ڈبلیو ڈی اور پاسکو کو بند کرنے کا مقصد بھی سبسڈی میں کرپشن کے خاتمے کے تناظر میں تھا۔
انہوں نے ڈیوٹیز کو معقول بنانے اور کاروباری لاگت کم کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ قرضوں کی ادائیگی خود کم نہیں ہوئی بلکہ اس کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں۔ وزیر خزانہ کے مطابق مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں بڑی صنعتوں کی کارکردگی مثبت رہی اور نجی شعبے کو قرضوں کی فراہمی 1.1 ٹریلین روپے تک پہنچ چکی ہے۔
محمد اورنگزیب نے پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری میں اضافے، دنیا کی تیسری بڑی فری لانسر فورس اور نوجوانوں کے لیے پلیٹ فارمز کی فراہمی پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ 2047 تک 3 ٹریلین ڈالر کی معیشت کے لیے آبادی پر قابو پانا ضروری ہے۔
وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کا اعتماد بڑھ رہا ہے، آئی ایف سی نے ٹیلی نار ٹرانزیکشن میں 400 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری مکمل کی، اور ریکوڈک منصوبے کے تحت 2028 سے برآمدات کا آغاز ہوگا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مشیر نجکاری محمد علی نے کہا کہ ماضی کی غلط معاشی حکمت عملی نے نجی سرمایہ کاری کو حوصلہ شکنی کی، اور مضبوط معیشت کے لیے فعال ادارے ضروری ہیں۔
مصدق ملک نے کہا کہ خوشحالی کا سرچشمہ تعلیم، ہنر اور پیداواری صلاحیت ہے اور معاشی پالیسیاں اگر درست ہوتیں تو پاکستان بنگلہ دیش سے آگے ہوتا۔ وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے صنعتی ترقی، ایکسپورٹس اور عالمی مقابلے میں مزید اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos