نئی دہلی: بھارت نے بنگلہ دیش سے اپنے سفارتکاروں کے اہلخانہ کو واپس بلا لیا۔
تفصیلات کے مطابق انڈیا نے بنگلہ دیش کو ’نان فیملی‘ سفارتی تعیناتی کے طور پر رجسٹر کر لیا ہے جس کا مطلب یہ ہے کہ وہ انڈین سفارتکار اور سفارتی عملہ جو بنگلہ دیش میں تعینات کیے جائیں گے وہ اپنے اہلخانہ (بیوی، بچوں) کو وہاں نہیں لے جا سکیں گے۔
یہ فیصلہ یکم جنوری 2026 سے نافذ العمل ہو چکا ہے۔ بنگلہ دیش میں تعینات انڈین حکام کو اطلاع دی گئی تھی کہ اُن کے اہلخانہ کو آٹھ جنوری تک اپنے ملک انڈیا واپس جانا ہو گا۔ تاہم جن سفاتکاروں اور عملے کے اراکین کے بچے بنگلہ دیشی سکولوں میں پڑھتے ہیں، انھیں انڈیا واپسی کے لیے اضافی سات دن دیے گئے تھے۔
نتیجتاً 15 جنوری تک، ڈھاکہ، چٹاگانگ، کھلنا، سلہٹ اور راجشاہی میں تعینات انڈین افسران کے خاندانوں کو بہت کم وقت میں انڈیا واپس جانا پڑا ہے۔
انڈیا کی وزارت خارجہ نے ابھی تک اس فیصلے کے بارے میں تفصیلات فراہم نہیں کی ہیں۔ تاہم بنگلہ دیشی وزارت خارجہ کے کئی ذرائع نے بی بی سی کے ساتھ گفتگو میں اس فیصلے کی تصدیق کی ہے۔
یاد رہے کہ دنیا بھر میں صرف چار ممالک بشمول پاکستان، افغانستان، عراق اور جنوبی سوڈان ایسے ممالک ہیں جنھیں انڈیا نے ’نان فیملی‘ ملک قرار دے رکھا ہے اور اب حالیہ فیصلے کے بعد اس فہرست میں بنگلہ دیش کو شامل کر لیا گیا ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos