فائل فوٹو
فائل فوٹو

مقبوضہ کشمیر: آپریشن کے لیے جانے والی گاڑی کو حادثہ، 10فوجی ہلاک

سری نگر: مقبوضہ کشمیر کے ضلع ڈوڈہ میں عسکریت پسندوں کے خلاف آپریشن کے لیے جانے والی انڈین فوج کی گاڑی کو  حادثہ، 10 فوجی ہلاک، متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔

انڈیا کے زیرِ انتظام کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منہوج سنہا نے ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے اموات پر افسوس کا اظہار اور اسے قومی نقصان قرار دیا ہے۔

انڈین فوج کی وائٹ نائٹ کور نے ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ آپریشن کے لیے جارہی فوج کی ایک گاڑی خراب موسم کے دوران نہایت دشوار گزار پہاڑی راستے سے گزر رہی تھی، جب وہ سڑک سے پھسل کر کھائی میں جا گری۔ زخمیوں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

فوج کے مطابق یہ حادثہ کشمیر اور انڈیا کی شمالی ریاست ہماچل پردیش کی سرحد پر پیش آیا۔ بلند پہاڑیوں پر انڈین فوجی ٹھکانوں تک رسائی کے لیے اسی شاہراہ کو استعمال کیا جاتا ہے۔

ڈوڈہ کے پڑوسی ضلع کشتواڑ میں گذشتہ کئی روز سے مسلح عسکریت پسندوں کے خلاف فوجی آپریشن جاری ہے۔ چند روز قبل عسکریت پسندوں نے محاصرہ کرنے والی فوجی پارٹی پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں پولیس کے سپیشل آپریشنز گروپ کا ایک اہلکار ہلاک ہو گیا تھا۔

فوج کا کہنا ہے کہ حملہ آور گھنے جنگلات اور پہاڑی درّوں کا فائدہ اُٹھاتے ہوئے بھاگنے میں کامیاب ہوگئے تاہم ان کی تلاش کے لئے وسیع آپریشن شروع کیا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔