اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات شازیہ مری نے کہا ہے کہ آج پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں اہم قانون سازی کی گئی۔ انہوں نے کراچی کے حالیہ سانحے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس واقعے پر جتنا بھی رنج و غم ظاہر کیا جائے کم ہے، اور پیپلز پارٹی متاثرین کے غم میں برابر کی شریک ہے۔
شازیہ مری نے کہا کہ سندھ حکومت واقعے پر اپنی ذمہ داری نبھا رہی ہے اور تمام سوالات کے جوابات دیے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی واقعے پر سیاست کرنا قابل مذمت اور افسوسناک ہے، جبکہ سانحے کے بعد بات کو اٹھارویں ترمیم تک لے جانا درست طرزِ عمل نہیں۔
انہوں نے ایک وفاقی وزیر کے حالیہ بیان پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کل ایک وفاقی وزیر نے غیر آئینی بات کی اور سندھ کے شہر کو وفاق کے قبضے میں دینے کی بات کی گئی، جو قابلِ مذمت ہے۔ شازیہ مری نے کہا کہ اس آئین پر سب کا اتفاق ہے، ایسی باتیں قومی اتحاد کو نقصان پہنچاتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مل کر کام کرنا کسی کی کمزوری نہیں بلکہ ملک کی ضرورت ہے۔ شازیہ مری کا کہنا تھا کہ وہ وفاقی وزیر کے بیان کی شدید مذمت کرتی ہیں اور سوال اٹھاتی ہیں کہ جو لوگ خود کو کراچی کا مالک کہتے رہے ہیں، وہ یہ بتائیں کہ انہوں نے شہر کے لیے کیا کیا۔
انہوں نے بلدیہ فیکٹری سانحے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ واقعہ سب کے سامنے ہے جہاں درجنوں افراد، جن میں وکلا بھی شامل تھے، جان کی بازی ہار گئے۔ شازیہ مری کے مطابق گل پلازہ 1980 سے قائم تھا، جس میں پہلے ایک منزل اور بعد ازاں پارکنگ پر قبضہ کیا گیا، اور یہ تمام حقائق سب کے علم میں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سانحے کے وقت اولین ترجیح لوگوں کو ریسکیو کرنا ہونی چاہیے تھی، مگر کسی کے بیانات سے انسانیت کا پہلو نظر نہیں آیا۔ شازیہ مری نے ایم کیو ایم پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس جماعت نے واقعے پر غیر ذمہ دارانہ رویہ اختیار کیا۔
شازیہ مری نے واضح کیا کہ سندھ حکومت آج بھی جوابدہ ہے، تاہم انہوں نے الزام لگایا کہ واقعے کے بعد مجمع اکٹھا کر کے راستے بند کیے گئے، جس کے باعث فائر بریگیڈ اور ایمبولینسز کو روکا گیا۔ ان کے مطابق یہ ایک کریمنل ایکٹ ہے۔
آخر میں شازیہ مری نے کہا کہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ آگ کے واقعے کو بہانہ بنا کر اٹھارویں ترمیم کو نشانہ بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos