معروف برطانوی صحافی سر مارک ٹلی 90 برس کی عمر میں انتقال کر گئے

 

برطانیہ کے سینئر صحافی، براڈکاسٹر اور عالمی شہرت یافتہ مبصر سر مارک ٹلی 90 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ وہ برطانوی نشریاتی ادارے سے وابستہ رہے اور طویل عرصے تک بھارت سے متعلق رپورٹنگ کے باعث “وائس آف انڈیا” کے نام سے جانے جاتے تھے۔

سر مارک ٹلی کو جنوبی ایشیا، بالخصوص بھارت کے حالات پر ایک مستند اور معتبر آواز تصور کیا جاتا تھا۔ انہوں نے کئی دہائیوں تک سیاسی، سماجی اور انسانی بحرانوں پر گہری نظر رکھتے ہوئے رپورٹنگ کی اور اپنی غیر جانبدارانہ صحافت کی بدولت عالمی سطح پر پہچان حاصل کی۔

وہ 1992 میں ایودھیا میں بابری مسجد پر ہونے والے حملے کے عینی شاہد بھی تھے۔ اس دوران انہیں انتہا پسند عناصر کی جانب سے جان سے مارنے کی دھمکیاں ملیں، جس کے باعث وہ کئی گھنٹوں تک ایک محفوظ مقام پر محصور رہے۔ سر مارک ٹلی نے بابری مسجد کی شہادت کو برطانوی دور کے بعد بھارت کے سیکولر تشخص پر سب سے بڑا وار قرار دیا تھا۔

اپنے طویل صحافتی کیریئر کے دوران انہوں نے بھارت میں پیش آنے والے متعدد اہم اور حساس واقعات کی کوریج کی، جن میں قحط، فرقہ وارانہ فسادات، قتل و غارت، بھوپال گیس سانحہ اور سکھوں کے مقدس مقام گولڈن ٹیمپل پر بھارتی فوجی آپریشن شامل ہیں۔

سر مارک ٹلی کی وفات کو عالمی صحافت کے لیے ایک بڑا نقصان قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ ان کی رپورٹنگ کو دیانت دار اور جرات مند صحافت کی مثال کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔