گاڑی یا موٹر سائیکل پر PRESS لکھوانے والوں کے لیے نئے قواعد،جرمانہ ہوگا

تلنگانہ، بھارت: بھارتی ریاست تلنگانہ میں اب صرف وہ صحافی اپنی گاڑیوں یا موٹر سائیکلوں پر پریس یا پریس ٹی وی کا نشان لگا سکتے ہیں، جن کے پاس حکومت کی جانب سے جاری شدہ سرکاری اکریڈیٹیشن کارڈز موجود ہوں۔

ریاستی محکمہ اطلاعات و عوامی رابطہ نے نئے سرکاری احکامات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ سنٹرل موٹر وہیکل ایکٹ 1989 کے تحت بغیر اجازت گاڑیوں یا نمبر پلیٹس پر پریس لوگو لگانا غیر قانونی ہے۔

حکام نے بتایا کہ کچھ افراد نجی اداروں کے شناختی کارڈز استعمال کرتے ہوئے غلط طریقے سے پریس لوگو استعمال کر رہے تھے، جس کے پیش نظر یہ فیصلہ کیا گیا۔

کمشنر محکمہ اطلاعات نے تمام ضلعی عوامی رابطہ افسران کو ہدایت دی ہے کہ نئے قواعد پر سختی سے عمل کرائیں اور جن صحافیوں کے پاس سرکاری اکریڈیٹیشن نہیں ہے، انہیں فوری طور پر اپنی گاڑیوں سے پریس لوگو ہٹانے کا کہا جائے۔

حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام جعلی صحافیوں کی شناخت روکنے اور حقیقی صحافیوں کو باقاعدہ پہچان دلانے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف محکمہ ٹرانسپورٹ اور پولیس کی جانب سے جرمانے بھی عائد کیے جائیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔