بھارت کے ریاست مہاراشٹرا میں ایک چارٹرڈ طیارے کی کریش لینڈنگ کے نتیجے میں پانچ افراد ہلاک ہو گئے، جن میں مہاراشٹرا کے نائب وزیراعلیٰ اجیت پوار بھی شامل ہیں۔ حادثہ ضلع پونے کے علاقے بارہ متی میں پیش آیا۔
اطلاعات کے مطابق طیارے میں نائب وزیراعلیٰ اجیت پوار کے علاوہ دو ان کے ساتھی اور عملے کے دو ارکان سوار تھے۔ ابتدائی رپورٹس کے مطابق تمام مسافر اور عملہ حادثے میں ہلاک ہو گئے اور کسی کو بچانے میں کامیابی نہیں ملی۔
حادثے کے فوری بعد مقامی حکام اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچیں اور امدادی کارروائیاں شروع کیں، تاہم طیارے کی حالت اور حادثے کے شدید اثرات کی وجہ سے زندہ بچ جانے والے افراد نہیں مل سکے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق طیارے کی کریش لینڈنگ کی وجوہات ابھی تک معلوم نہیں ہو سکیں، تاہم متعلقہ حکام اور سول ایوی ایشن اتھارٹی نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے تاکہ حادثے کی اصل وجہ معلوم کی جا سکے۔ ابتدائی طور پر یہ بھی رپورٹ کیا گیا ہے کہ طیارے کی مرمت یا تکنیکی خرابی کے حوالے سے چھان بین کی جائے گی۔
مہاراشٹرا کے نائب وزیراعلیٰ اجیت پوار بھارت میں سیاسی اور سماجی حوالے سے معروف شخصیت تھے اور ان کی اچانک ہلاکت سے ریاست میں گہرے صدمے اور سوگ کی کیفیت پیدا ہو گئی ہے۔ متعدد سیاسی اور عوامی شخصیات نے حادثے پر افسوس کا اظہار کیا اور ریسکیو ٹیموں کی کوششوں کو سراہا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos