لاہور: آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے کپتان مچل مارش نے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پہلے میچ کے لیے ٹیم مکمل تیاری کے ساتھ میدان میں اترے گی۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مچل مارش کا کہنا تھا کہ یہ سیریز دونوں ٹیموں کے لیے نہایت اہم ہے کیونکہ یہ ورلڈ کپ سے قبل کھیلی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم نے اس سیریز کے لیے اچھی تیاری کی ہے اور شائقین کو ایک دلچسپ مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔
مچل مارش نے اپنے کھیلنے سے متعلق سوال پر بتایا کہ وہ اپنے بارے میں آج رات یا کل حتمی فیصلہ کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ چند کھلاڑی پہلے ہی دبئی میں موجود تھے جہاں انہوں نے بھرپور پریکٹس کی، جبکہ پوری ٹیم پاکستان میں سیریز کھیلنے کے لیے پُرجوش ہے۔
آسٹریلوی کپتان نے پاکستان کے فاسٹ بولرز کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی فاسٹ بولنگ کی تاریخ شاندار رہی ہے اور شاہین شاہ آفریدی جیسے بولرز آسٹریلوی بیٹنگ لائن کے لیے ایک بڑا چیلنج ثابت ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے کئی کھلاڑی بگ بیش لیگ کھیل چکے ہیں اور امید ہے کہ انہوں نے وہاں اچھا تجربہ حاصل کیا ہوگا۔
واضح رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کا آغاز کل سے ہوگا، جبکہ دوسرا اور تیسرا میچ بالترتیب 31 جنوری اور یکم فروری کو کھیلا جائے گا۔ تمام میچز کی پہلی گیند شام 4 بجے پاکستانی وقت کے مطابق کروائی جائے گی۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos