ایرانی ڈرون بحیرہ ء عرب میں تباہ کیا گیا،امریکی فوج۔ مذاکراتی عمل برقرار ہے، وائٹ ہاوس

 

امریکہ نے کہا ہے کہ طیارہ بردار بحری بیڑے ابراہم لنکن کی طرف پرواز کرنے والے ایک ایرانی شاہد-139 ڈرون کو امریکی ایف-35 لڑاکا طیارے نے بحیرہ ءعرب میں مار گرایا ہے۔

امریکی سنٹرل کمانڈ (سینٹ کام) کے ترجمان کیپٹن ٹم ہاکنز نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ایف-35 نے اپنے دفاع میں ایرانی ڈرون کو مار گرایا تاکہ جہاز اور اس کے عملے کی حفاظت کی جا سکے۔انھوں نے کہا کہ بحری جہاز ایرانی ساحل سے تقریباً 500 میل دور تھا جب ڈرون اس کی جانب آیا۔
کیپٹن ٹم ہاکنز کا مزید کہنا تھا کہ کسی امریکی سامان کو نقصان نہیں پہنچا اور کوئی فوجی زخمی نہیں ہوا۔

ایرانی میڈیا ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ بین الاقوامی پانیوں میں ایک ڈرون سے رابطہ منقطع ہو گیا تھا جس نے معلومات پاسداران انقلاب کو بھیجی تھیں۔
ادھر وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ امریکی بحری بیڑے کے قریب پرواز کرنے والے ایرانی ڈرون کو گرائے جانے کے باوجود ایرانیوں کے ساتھ ملاقات کے منصوبے میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔
وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولین لیویٹ نے کہا ہے کہ اگرچہ سینٹ کام فورسز نے ایک ایرانی ڈرون کو مار گرایا جو طیارہ بردار بحری جہاز ابراہم لنکن کی جانب جا رہا تھا،لیکن امریکی خصوصی ایلچی سٹیو وِٹکوف اس ہفتے کے آخر میں ایرانی حکام سے بات چیت کریں گے۔

ایرانی ڈرون مار گرائے جانے کی خبر کے چند گھنٹے بعد، لیویٹ نے میڈیاکو بتایاکہ میں نے ابھی سٹیو وِٹکوف سے بات کی ہے، اور بات چیت منصوبہ بندی کے مطابق جاری ہے۔
وائٹ ہاؤس کے ایک اور ترجمان نے کہاکہ صدر ٹرمپ ہمیشہ سفارت کاری آگے بڑھانے کے لیے تیار ہیں لیکن اس میں دونوں فریقوں کی سنجیدگی اور عزم ضروری ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔