ایران کی سفارتی کامیابی،امریکا مذاکرات عمان منتقل کرنے پر راضی

ایران نے امریکا کو دوطرفہ مذاکرات کی میزبانی ترکیہ کے بجائے عمان منتقل کرنے پر آمادہ کر لیا ہے، جسے حالیہ سفارتی کشیدگی کے تناظر میں تہران کی ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق ایران کی جانب سے مقام کی تبدیلی کی درخواست پر امریکی انتظامیہ نے اتفاق کیا، جس کے بعد اب ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات جمعہ کے روز عمان میں ہوں گے۔ ایرانی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ واشنگٹن کے ساتھ بات چیت کے لیے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔

دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی ایران کے ساتھ مذاکرات کی تصدیق کی ہے۔ وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کے دوران صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے ساتھ بات چیت جاری ہے اور امید ہے کہ یہ مذاکرات کسی مثبت نتیجے تک پہنچیں گے، تاہم حتمی پیش رفت کا انحصار آنے والے دنوں پر ہوگا۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ایران بظاہر کسی معاہدے کا خواہشمند دکھائی دیتا ہے، مگر یہ دیکھنا باقی ہے کہ آیا بات چیت نتیجہ خیز ثابت ہوتی ہے یا نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ماضی میں بھی ایران کو مذاکرات کے مواقع دیے گئے، لیکن وہ کامیاب نہ ہو سکے، جس کے بعد سخت اقدامات کیے گئے۔

صدر ٹرمپ نے خبردار کیا کہ اگر مذاکرات کسی انجام تک نہ پہنچ سکے تو اس کے سنگین نتائج بھی سامنے آ سکتے ہیں، تاہم کسی معاہدے کی صورت میں حالات بہتر ہونے کی امید ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔