تل ابیب: اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ جنوبی غزہ کے علاقے میں حماس کی ایلیٹ نُخبا فورس کے اعلیٰ کمانڈر کو فضائی حملے میں نشانہ بنایا گیا۔
ٹائمز آف اسرائیل کے مطابق ترجمان فوج نے بتایا کہ حماس نے شمالی غزہ میں رات گئے اسرائیلی اہلکاروں پر حملے کیا جس میں ایک افسر شدید زخمی ہوگیا تھا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ جس کے جواب میں اسرائیلی فضائیہ نے جنوبی غزہ کے ایک علاقے میں فضائی کارروائی میں حماس کے کمانڈر بلال ابو عاصی کو نشانہ بنایا۔
اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا کہ بلال ابو عاصی، حماس کی نُخبا فورس کے پلاٹون کمانڈر تھے اور 7 اکتوبر 2023 کو اسرائیل کے دو علاقوں پر یلغار کی قیادت کی تھی۔
صیہونی فوج کے بیان میں مزید کہا گیا کہ بلال ابو عاصی کی قیادت میں اسرائیلی علاقوں میں یلغار میں درجنوں شہری ہلاک اور اغوا ہوئے تھے۔
فوج کا کہنا ہے کہ ابو عاصی پر جنگ کے دوران غزہ میں یرغمالیوں کی لاشیں رکھنے اور اسرائیلی فوجیوں کے خلاف کارروائیوں کی منصوبہ بندی میں ملوث ہونے کا بھی شبہ تھا۔
اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا کہ اس حملے سے پہلے اور دورانِ حملہ شہریوں کو نقصان سے بچانے کے لیے سخت نگرانی اور انتہائی درست ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا۔
تاہم اس کے باوجود حملے میں معصوم شہریوں کا جانی نقصان بھی ہوا، جن میں ہلالِ احمر کا ایک طبی اہلکار بھی شامل ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos