ریفرنڈم کے بعد بھی نئے صوبوں کا حتمی فیصلہ اسمبلیاں کریں گی،وزیرِ اعلیٰ سندھ
جب تک پیپلزپارٹی ہے یہ سندھ قائم اور دائم رہے گا، کوئی اس کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا،تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو
فائل فوٹو
ٹھٹھہ : وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کہتے ہیں کہ جب تک پیپلزپارٹی ہے یہ سندھ قائم اور دائم رہے گا، کوئی اس کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا،ریفرنڈم کے بعد بھی حتمی فیصلہ اسمبلیاں کریں گی، ریفرنڈم آئین سے بالاتر نہیں ہوسکتا۔
مکلی میں پیر سید غلام جیلانی شاہ جیلانی کے عرس میں شرکت کے موقع پر تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ صوفیوں کی دھرتی ہے، صوفی بزرگان کی وجہ سے یہاں امن اور بھائی چارہ ہے، صوفی بزرگان کی تعلیمات ہیں کہ ایک دوسرے کا احترام کریں، محبت اور بھائی چارے کے ساتھ رہیں۔
انہوں نے واضع کیا کہ آئینی طور پر جب تک عوام نہ چاہیں صوبے کی حدود میں تبدیلی ممکن نہیں، پنجاب اسمبلی نئے صوبے کی تشکیل کیلیے کئی قراردادیں منظور کرچکی ہے، اگر پنجاب نئے صوبے بنانا چاہتا ہے تو ہمیں کوئی اعتراض نہیں، سندھ کی تقسیم قانونی اور شعوری طور پر بھی ممکن نہیں ہے، ریفرنڈم کا بھی آئین میں طریقہ کار موجود ہے، ریفرنڈم اس مسئلے پر ہوسکتا ہے جس پر ابہام ہو، ریفرنڈم کے بعد بھی حتمی فیصلہ اسمبلیاں کریں گی، ریفرنڈم آئین سے بالاتر نہیں ہوسکتا۔
وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ پانی کی تقسیم91کے معاہدے کے مطابق کرنے کیلیے سندھ کا کیس پہلے ہی سی سی آئی میں موجود ہے، ٹیل کے صوبے کو پانی کی قلت کا ذمہ دار قرار دینا درست نہیں، سندھ کے پاس پانی پہنچے گا ہی نہیں تو چوری کہاں سے کریں گے، سندھ میں اب بھی پانی کی شدید قلت ہے، وفاق سے یہ معاملہ اٹھایا ہے۔