اسلام آباد میں روٹی 35 اور نان 45 روپے کی کرنے کا اعلان
مہنگائی، گیس کی قیمتوں اور فائن آٹے کے سلیب میں اضافے کے باعث پرانے نرخوں پر کاروبار چلانا ناممکن ہو چکا ترجمان نان بائی ایسوسی ایشن
فائل فوٹو
اسلام آباد : وفاقی دارالحکومت میں مہنگائی کی تازہ لہر اور گیس و آٹے کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے پیش نظر نان بائی ایسوسی ایشن نے روٹی اور نان کے نئے نرخوں کا یکطرفہ اعلان کر دیا ہے۔
نان بائی ایسوسی ایشن کے ترجمان کے مطابق ملک میں جاری مہنگائی، گیس کی قیمتوں اور فائن آٹے کے سلیب میں اضافے کے باعث پرانے نرخوں پر کاروبار چلانا ناممکن ہو چکا ہے۔ اس صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے ایسوسی ایشن نے روٹی کی نئی قیمت 35 روپے اور نان کی قیمت 45 روپے مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ایسوسی ایشن کے نمائندوں کا کہنا ہے کہ آٹے کے تھیلوں کی قیمتوں اور ایل پی جی سمیت سوئی گیس کے چارجز میں بے تحاشا اضافہ ہوا ہے، جس کے باعث تندور مالکان شدید مالی بحران کا شکار ہیں۔
دوسری جانب شہریوں نے قیمتوں میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ اور حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ نان بائیوں کے من مانے نرخوں پر نوٹس لیں اور عوام کو سستی روٹی کی فراہمی یقینی بنائیں۔