فائل فوٹو
فائل فوٹو

ایران کا طویل فاصلے تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ

تہران : امریکہ کے ساتھ جاری مذاکراتی عمل کے دوران ایران نے طویل فاصلے تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل ’خرمشہر فور‘ کا کامیابی سے تجربہ کر لیا۔

نجی ٹی وی کے مطابق ایران نے اپنے جدید ترین طویل فاصلے تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل خرمشہر فور کے کامیاب تجربے اور اسے پہلی بار زیرِ زمین تنصیب کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ایرانی سرکاری اور ریاست سے منسلک میڈیا کے مطابق یہ تجربہ پاسدارانِ انقلاب کے فضائی و خلائی شعبے کی جانب سے کیا گیا۔

سرکاری اطلاعات کے مطابق خرمشہر فور میزائل کی رینج 2 ہزار کلومیٹر ہے، جس کا مطلب یہ ہے کہ یہ میزائل طویل فاصلے پر واقع اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ایرانی حکام کے مطابق یہ میزائل 1500 کلوگرام تک وزنی وار ہیڈ لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

ایرانی خبر رساں ادارے فارس نیوز ایجنسی نے رپورٹ کیا ہے کہ اس میزائل کو ایک زیرِ زمین تنصیب میں رکھا گیا ہے، جسے ایران کی جانب سے اپنی دفاعی صلاحیتوں میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ایران پاسدارانِ انقلاب کے خلائی کمانڈ کے تحت ایک نیا زیرِ زمین ’’میزائل سٹی‘‘ بھی قائم کر رہا ہے۔ یہ اقدامات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب خطے میں کشیدگی میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے اور ایران اور امریکا کے درمیان عمان میں جوہری مذاکرات ہونے والے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔