پولیس پر 9مئی سے متعلق دباؤ ڈالا جا رہا ہے۔ سہیل آفریدی کا الزام

 

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے الزام لگایا ہےکہ پولیس پر 9 مئی سےمتعلق پریشر ڈالا جارہا ہے مگر پولیس پر فخر ہےکہ یہ کسی دباؤ میں نہیں آرہی۔

 

پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ جو لوگ پولیس پر دباؤ ڈال رہے ہیں وہ ایسا نہ کریں اور پولیس کو سیاست میں مت گھسیٹیں، ہم نے کے پی پولیس کو ہرقسم کی سیاسی مداخلت سے دور رکھا ہے، پولیس میں کوئی سیاسی مداخلت نہیں کی جا رہی ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ ہم دہشتگردی کے خلاف کھڑے ہیں، بند کمروں میں فیصلوں سے ہمیں بہت نقصانات ہوئے، غلط پالیسیوں کی وجہ سے یہاں امن قائم نہیں ہورہا۔

وزیر اعلیٰ کے پی کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا پولیس نے 22 سالوں سے قربانیاں دیں اور اب بھی دے رہے ہیں ، ہماری پولیس کی بے توقیری کی گئی، ہم جو کر رہے ہیں صدق دل سے کررہے ہیں۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ مجھےاپنی پولیس پر فخر ہے، پولیس نے جو مانگا میں نےانکار نہیں کیا، سی ٹی ڈی اوراسپیشل برانچ ہماری کان آنکھ ہیں، سی ٹی ڈی اور اسپیشل برانچ کو جدید سہولیات سے آراستہ کر رہے ہیں۔ ضم اضلاع میں سیف سٹیز منصوبہ شروع کرنے جا رہے ہیں۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔