اسلام آباد دھماکہ:روسی صدر پیوٹن کی صدراور وزیراعظم کو تعزیتی خطوط

اسلام آباد میں ہونے والے دھماکے پر روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کو تعزیتی پیغامات ارسال کیے ہیں۔

روسی صدر نے اپنے پیغامات میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مذہبی اجتماع کے دوران معصوم شہریوں کو نشانہ بنانا کھلی بربریت اور انسانیت کے خلاف جرم ہے۔ صدر پیوٹن نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے ساتھ تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔

تعزیتی خطوط میں روسی صدر نے جاں بحق افراد کے اہلِ خانہ سے ہمدردی کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

واضح رہے کہ اسلام آباد کے مضافاتی علاقے ترلائی میں مسجد اور امام بارگاہ خدیجۃ الکبریٰ میں جمعے کی نماز کے دوران دھماکہ ہوا، جس کے نتیجے میں اب تک 32 افراد جاں بحق جبکہ 169 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔

حکومتی ذرائع کے مطابق خودکش حملہ آور کی شناخت مکمل کر لی گئی ہے، جس نے دہشت گردی کی تربیت افغانستان میں حاصل کی اور متعدد مرتبہ افغانستان کا سفر بھی کیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ افغانستان میں سرگرم مختلف دہشت گرد گروہ طالبان حکومت کی سرپرستی میں خطے کے امن کے لیے خطرہ بنے ہوئے ہیں جبکہ پاکستان میں ہونے والی دہشت گرد کارروائیوں کے پس پردہ افغانستان اور بھارت کا گٹھ جوڑ کارفرما ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔