پاکستان بعض شرائط کے ساتھ بھارت کے خلاف میچ کھیلنے پر غور کر سکتا ہے

 

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ممکنہ میچ سے متعلق اہم پیشرفت سامنے آ رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے پاکستان کو میچ پر آمادہ کرنے کے لیے رابطے جاری ہیں، جبکہ پاکستان بعض شرائط کے ساتھ بھارت کے خلاف میچ کھیلنے پر غور کر سکتا ہے۔ تاہم اس معاملے پر حتمی فیصلہ وزیراعظم شہباز شریف کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی سے ہونے والی بات چیت کے بعد حکومت پاکستان سے مزید رہنمائی لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ پی سی بی حکام کا مؤقف ہے کہ پاک بھارت میچ جیسے حساس معاملے پر آخری فیصلہ حکومتی سطح پر ہی کیا جائے گا۔

اطلاعات کے مطابق لاہور میں ہونے والے کئی گھنٹوں پر محیط مذاکرات کے بعد فریقین کے درمیان معاملات میں بہتری کے امکانات پیدا ہوئے ہیں، جبکہ بات چیت کا سلسلہ رات گئے تک جاری رہا۔ پی سی بی نے آئی سی سی کو واضح طور پر آگاہ کر دیا ہے کہ حکومت پاکستان کی منظوری کے بغیر کوئی فیصلہ ممکن نہیں۔

ذرائع کے مطابق آئی سی سی کے وائس چیئرمین عمران خواجہ نے پاکستانی مؤقف آئی سی سی بورڈ کے سامنے رکھنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ اس موقع پر متحدہ عرب امارات کرکٹ بورڈ کے نمائندے مبشر عثمانی بھی ویڈیو لنک کے ذریعے مذاکرات میں شریک ہوئے۔

سری لنکا اور متحدہ عرب امارات کے کرکٹ بورڈز کی جانب سے بھی پاکستان سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کے فیصلے پر نظرثانی کرے۔ ضرورت پڑنے پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی پیر کے روز وزیراعظم سے ملاقات کر سکتے ہیں۔

ذرائع کے مطابق پاکستان نے آئی سی سی کے سامنے اپنی سالانہ آمدن میں اضافے سے متعلق شرط بھی رکھی ہے۔ واضح رہے کہ آئی سی سی وفد کو پاکستان نے مدعو نہیں کیا بلکہ وفد نے خود پاکستان آنے کا فیصلہ کیا۔

ادھر بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے صدر امین الاسلام بھی لاہور پہنچے اور انہوں نے محسن نقوی اور عمران خواجہ سے ملاقات کی۔ اس کے علاوہ آئی سی سی کا مصالحتی وفد بھی پاکستان میں موجود ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی سی سی نے بھارت کو کھیل کی روح کے مطابق رویہ اپنانے کا پیغام دیا ہے اور غیر ضروری تنازعات سے گریز پر زور دیا ہے۔ پاکستان کو میچ پر راضی کرنے کے لیے مختلف تجاویز زیر غور ہیں۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے آئی سی سی وفد کا استقبال کیا، جہاں پاک بھارت میچ کے حوالے سے مزید بات چیت متوقع ہے۔ آئی سی سی نے عمران خواجہ کو اس معاملے کی ذمہ داری سونپ رکھی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔