دبئی: آئی سی سی نے پی سی بی اور بی سی بی کے ساتھ مذاکرات کی تفصیلات جاری کردیں۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 میں عدم شرکت پر بنگلہ دیش پر کوئی جرمانہ عائد نہیں ہوگا۔آئی سی سی کے مطابق بنگلہ دیش کو آئی سی سی ایونٹ کی میزبانی بھی دی جائےگی۔
آئی سی سی کا کہنا ہےکہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ 2028 سے 2031 کے درمیان ایک ایونٹ کی میزبانی کرےگا۔
آئی سی سی کے مطابق یہ فیصلہ بنگلا دیش کی میزبانی کی صلاحیت پر اعتماد کا اظہار ہے اور اس سے رکن ممالک میں کرکٹ کے فروغ کے لیے بامعنی مواقع فراہم کرنے کے آئی سی سی کے عزم کو تقویت ملتی ہے۔
آئی سی سی کا کہنا ہے کہ اس معاملے میں اس کا مؤقف غیر جانبداری اور انصاف کے اصولوں پر مبنی ہے جس کا مقصد سزا دینے کے بجائے تعاون اور سہولت فراہم کرنا ہے۔
بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے بھی پاکستان سے بھارت کے خلاف میچ کھیلنے کی درخواست کردی
دوسری جانب بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے 15 فروری کو بھارت کے خلاف آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کا میچ کھیلنے کی باضابطہ درخواست کر دی ہے۔
بی سی بی کی جانب سے جاری میڈیا ریلیز میں پاکستان کرکٹ بورڈ، آئی سی سی اور دیگر متعلقہ فریقین کا حالیہ چیلنجز کے دوران تعاون اور مثبت کردار پر شکریہ ادا کیا گیا۔ اعلامیے میں خاص طور پر پی سی بی چیئرمین محسن رضا نقوی، ان کی ٹیم اور پاکستانی کرکٹ شائقین کی حمایت اور اسپورٹس مین اسپرٹ کو سراہا گیا۔بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے صدر امین الاسلام نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان نے مشکل وقت میں بنگلہ دیش کی بھرپور مدد کی جس پر وہ دل سے مشکور ہیں، اور دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ برادرانہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔
انہوں نے حالیہ دورۂ پاکستان اور باہمی مشاورت کا حوالہ دیتے ہوئے درخواست کی کہ 15 فروری کو شیڈول بھارت کے خلاف آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میچ پاکستان کھیلے تاکہ عالمی کرکٹ نظام کے وسیع تر مفاد کو یقینی بنایا جا سکے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos