امریکا نے ایرانی آئل ٹینکرز ضبط کرنے کا منصوبہ بنا لیا

ایک امریکی اخبار کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ امریکا ایران پر دباؤ بڑھانے کے لیے ایرانی آئل ٹینکروں کے خلاف مزید سخت اقدامات پر غور کر رہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق وال اسٹریٹ جرنل نے امریکی حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ ایران کی تیل برآمدات کو نشانہ بنانے کے مختلف آپشنز کا جائزہ لے رہی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایران کی معیشت کا بڑا انحصار تیل کی فروخت سے حاصل ہونے والی آمدنی پر ہے، اسی لیے ممکنہ اقدامات کا مقصد اسی شعبے کو محدود کرنا ہو سکتا ہے۔

امریکی عہدیداروں کے مطابق اگر اس منصوبے پر عمل کیا گیا تو اس کے ایران کی معیشت پر نمایاں اثرات مرتب ہو سکتے ہیں، تاہم اس راستے میں کئی سفارتی اور سیکیورٹی چیلنجز بھی موجود ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ واشنگٹن کو خدشہ ہے کہ کسی بھی سخت اقدام کے جواب میں ایران ردعمل دے سکتا ہے۔

امریکی حکام کے مطابق ممکنہ جوابی اقدامات میں خطے میں توانائی کے مفادات کو نشانہ بنانا یا اہم بحری گزرگاہوں میں کشیدگی پیدا کرنا شامل ہو سکتا ہے۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ اس نوعیت کے اقدامات سے عالمی تیل منڈی اور مشرقِ وسطیٰ کی سیکیورٹی صورتحال متاثر ہو سکتی ہے۔

واضح رہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان تعلقات گزشتہ برسوں سے کشیدہ رہے ہیں اور تیل کی برآمدات دونوں ممالک کے درمیان تنازع کا اہم پہلو رہی ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔