بنگلہ دیش میں عام انتخابات کل،4روزہ تعطیلات کا اعلان

بنگلہ دیش میں 13ویں قومی پارلیمانی انتخابات اور 12 فروری کو ہونے والے ریفرنڈم کی تیاری کے پیشِ نظر ملک بھر میں بدھ سے چار روزہ تعطیلات کا آغاز ہوگیا ہے۔ حکومت نے 11 اور 12 فروری کو عام تعطیل کا اعلان کیا تھا، جو جمعہ اور ہفتہ (13 اور 14 فروری) کی ہفتہ وار چھٹیوں کے ساتھ مل کر مسلسل چار دن کی تعطیل میں تبدیل ہوگئی ہے۔

سرکاری اعلامیے کے مطابق 11 اور 12 فروری کو تمام سرکاری، نیم سرکاری، خودمختار اور نجی دفاتر کے علاوہ تعلیمی ادارے بند رہیں گے تاکہ ووٹرز بلا رکاوٹ اپنا حقِ رائے دہی استعمال کر سکیں اور پولنگ کا عمل خوش اسلوبی سے مکمل ہو سکے۔ بنگلہ دیش بینک نے بھی اعلان کیا ہے کہ ان دو دنوں کے دوران تمام بینک اور مالیاتی ادارے بند رہیں گے، جبکہ شاپ اونرز ایسوسی ایشن نے بدھ اور جمعرات کو ملک بھر میں دکانیں، تجارتی مراکز اور شاپنگ مالز بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

حکومت نے واضح کیا ہے کہ عوامی مفاد میں ضروری خدمات معمول کے مطابق جاری رہیں گی تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

تعطیلات کے آغاز سے قبل بڑی تعداد میں افراد دارالحکومت ڈھاکا سے اپنے آبائی علاقوں کی جانب روانہ ہو گئے، جس کے باعث بس اڈوں اور ریلوے اسٹیشنز پر رش دیکھنے میں آیا۔ حکام نے انتخابات کے دوران سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے ہیں تاکہ ووٹنگ پرامن ماحول میں منعقد ہو سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔