بنگلہ دیش الیکشن:ووٹوں کی خرید و فروخت کیخلاف بڑا کریک ڈاؤن

بنگلہ دیش میں عام انتخابات سے قبل ووٹوں کی مبینہ خرید و فروخت کی روک تھام کے لیے حکام کی جانب سے بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن جاری ہے۔ مختلف اضلاع میں کارروائیوں کے دوران بھاری مقدار میں نقد رقم برآمد کیے جانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

رپورٹس کے مطابق چھ اضلاع میں مختلف مقامات پر چھاپے مارے گئے جہاں سے بڑی تعداد میں کرنسی نوٹ قبضے میں لیے گئے۔ ایک کارروائی میں جماعت اسلامی کے ضلعی امیر کو ایئرپورٹ سے گرفتار کیا گیا، جن کے قبضے سے چوہتر لاکھ ٹکا نقد رقم برآمد ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ جماعت اسلامی نے اس اقدام کو سیاسی انتقام اور پارٹی کی ساکھ کو متاثر کرنے کی کوشش قرار دیا ہے۔

ادھر بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کی انتخابی مہم میں شامل ایک گاڑی سے بھی پندرہ لاکھ ٹکا برآمد ہونے کی اطلاع ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔

الیکشن کمیشن نے پولنگ کے روز ایک ہزار ٹکا سے زائد بینک ٹرانسفر پر پابندی عائد کر رکھی ہے تاکہ غیر قانونی مالی لین دین کو روکا جا سکے۔ حکام کا کہنا ہے کہ شفاف اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے نگرانی کا عمل مزید سخت کر دیا گیا ہے۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔