غزہ میں جنگ بندی کے باوجود حملے، 11 فلسطینی جاں بحق
غزہ میں اسرائیلی فوج کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزیاں جاری ہیں، تازہ حملوں میں مزید 11 فلسطینی شہید ہوگئے۔۔فلسطینی ہلالِ احمر (ریڈ کراس) کے مطابق اتوار کے روز شمالی غزہ میں قائم خیمہ بستی کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں کم از کم 6 افراد جان کی بازی ہار گئے، جبکہ جنوبی علاقے میں ایک علیحدہ حملے میں مزید 5 فلسطینی جاں بحق ہوئے۔دوسری جانب اسرائیل ڈیفنس فورسز کا کہنا ہے کہ اس نے مبینہ طور پر ایسے اہداف کو نشانہ بنایا جو اس کے بقول حماس سے منسلک تھے۔ اسرائیلی حکام کے مطابق یہ کارروائیاں جنگ بندی کی مبینہ خلاف ورزیوں کے ردِعمل میں کی گئیں۔واضح رہے کہ 10 اکتوبر سے نافذ جنگ بندی کے بعد دونوں فریق ایک دوسرے پر تقریباً روزانہ بنیادوں پر خلاف ورزیوں کے الزامات عائد کر رہے ہیں، جس کے باعث خطے میں امن کی صورتحال بدستور غیر یقینی کا شکار ہے۔علاقے میں انسانی صورتحال پہلے ہی سنگین ہے اور حالیہ واقعات کے بعد مزید تشویش پیدا ہو گئی ہے۔