5 ہزار 700 سے زائد مشتبہ داعش جنگجو عراق منتقل
February 16, 2026 · بام دنیا
امریکا نے شام سے 5 ہزار 700 سے زائد مشتبہ داعش جنگجوؤں کو عراق منتقل کرنے کا عمل مکمل کر لیا ہے۔
امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) کے مطابق 23 روزہ مشن کا آغاز 21 جنوری کو ہوا، جس کے دوران شام کی حراستی تنصیبات سے بالغ مرد جنگجوؤں کو عراقی حکام کے حوالے کیا گیا۔
آپریشن 12 فروری کو شمال مشرقی شام سے عراق تک رات کی پرواز کے ذریعے مکمل ہوا۔ سینٹکام کے مطابق اس سے قبل تقریباً 7 ہزار قیدیوں کی منتقلی بھی کی جا چکی ہے، جو تقریباً 60 ممالک سے تعلق رکھتے تھے۔
یہ قیدی کئی برسوں سے کرد قیادت میں قائم سیریئن ڈیموکریٹک فورسز کے زیر انتظام جیلوں میں قید تھے۔ عراق کے نیشنل سینٹر فار انٹرنیشنل جوڈیشل کوآپریشن کے مطابق 5 ہزار 704 قیدی عراق پہنچ چکے ہیں۔