پی ٹی آئی احتجاج کواسٹریٹ ایجی ٹیشن میں بدلنا چاہتی ہے،رانا ثناءاللہ
وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی اُمور رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی موجودہ سرگرمیوں کا بانی پی ٹی آئی کے علاج سے کوئی تعلق نہیں بلکہ یہ محض سیاسی حکمتِ عملی ہے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی کا خفیہ ایجنڈا احتجاج کو اسٹریٹ ایجی ٹیشن میں تبدیل کرنا ہے اور پارٹی کسی صورت مطمئن نہیں ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں راستوں کی بندش پر عوام میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے اور وہاں پیدا ہونے والی صورتحال میں صوبائی حکومت اور وزیراعلیٰ خود ملوث ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ ملاقات کے بعد باہر دیے جانے والے بیانات پر سوال اٹھتے ہیں کہ کیا جیل قوانین اس بات کی اجازت دیتے ہیں۔
رانا ثناء اللہ کے مطابق بانی پی ٹی آئی کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی گئی ہیں،
تاہم پی ٹی آئی ملک میں افراتفری اور انتشار پھیلانے کی کوشش کر رہی ہے اور اس کا اصل فوکس انارکی پیدا کرنا ہے۔