کراچی:سولجر بازار میں گیس دھماکہ،چھت گرنے سے13 جاں بحق،14 زخمی
کراچی کے علاقے سولجر بازار میں گیس لیکج کے باعث دو منزلہ رہائشی عمارت کے دھماکے سے 13 افراد جاں بحق اور 14 زخمی ہو گئے۔
ریسکیو 1122 کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا، تاہم تنگ گلیوں کی وجہ سے امدادی کارروائیوں میں مشکلات پیش آئیں۔ ریسکیو حکام نے بتایا کہ ملبے میں مزید ایک سے دو افراد دبے ہونے کا خدشہ ہے۔
ڈی سی ایسٹ نصراللہ عباسی کے مطابق جاں بحق افراد میں ایک بچی، تین خواتین اور مرد شامل ہیں، جبکہ زخمیوں کو فوری طور پر سول اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ جاں بحق افراد میں دس سالہ نازیہ اور ساٹھ سالہ ریاض کی شناخت کی جا چکی ہے۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق عمارت کے گراؤنڈ فلور پر گیس سلنڈر لیک ہونے کے باعث دھماکہ ہوا، جس کی شدت سے عمارت کا ایک بڑا حصہ زمین بوس ہو گیا۔ علاقے کے مکینوں کا کہنا ہے کہ دھماکہ اتنا شدید تھا کہ آس پاس کی عمارتیں بھی لرز اٹھیں۔
ریسکیو حکام نے مزید بتایا کہ ملبے میں افراد کی موجودگی کے خدشے کے پیش نظر سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے۔