اسلام آباد ایئرپورٹ سے انسانی سمگلنگ کی کوشش ناکام۔ 4 مسافر اور 2 ایف آئی اے اہلکار گرفتار
اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر وفاقی تحقیقاتی ادارے (FIA) کے اینٹی کرپشن اور اینٹی ہیومن ٹریفکنگ ونگ نے انسانی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بناتے ہوئےچار مسافروں کو پرواز سے آف لوڈ کر کے حراست میں لے لیا، رشوت کے عوض امیگریشن کلیئرنس دینے کے الزام میں دو ایف آئی اے اہلکاروں کو گرفتار کر لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق دمام جانے والی پرواز کے دوران اطلاع ملی کہ چار مسافر عمرہ ویزے پر سعودی عرب جا رہے تھے، لیکن اصل مقصد سعودی عرب کو ٹرانزٹ کے طور پر استعمال کرتے ہوئے مصر اور لیبیا کے راستے یورپ پہنچنا تھا۔
حراست میں لیے گئے مسافروں میں کامران خان، زیاد خان، محمد شعیب اور یاسین خان شامل ہیں۔
ابتدائی تحقیقات میں مسافروں نے انکشاف کیا کہ ایجنٹ یونس خان اور حیات عالم نے انہیں یورپ بھیجنے کے لیے سعودی عرب کے راستے کا منصوبہ بنایا اور خاص طور پر امیگریشن کاؤنٹر نمبر 13 پر جانے کی ہدایت کی۔
ایف آئی اے کی تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا کہ امیگریشن کاؤنٹر پر تعینات اہلکار انضمام الحق نے فی مسافر 30 ہزار روپے اور اسسٹنٹ سب انسپکٹر محمد عالم نے فی مسافر 80 ہزار روپے رشوت لے کر کلیئرنس دی۔ دونوں اہلکاروں کے خلاف مقدمہ اینٹی کرپشن ونگ نے درج کیا، اور چاروں مسافروں کو بھی مقدمے میں نامزد کیا گیا۔
مزید تحقیقات میں پتہ چلا کہ گزشتہ ایک ہفتے میں 12 مسافروں کو مبینہ طور پر رقم لے کر امیگریشن کلیئر کیا گیا۔
ڈی جی ایف آئی اے ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا ہے کہ محکمہ میں کالی بھیڑوں کی کوئی گنجائش نہیں اور غیر قانونی سرگرمیوں کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ایف آئی اے حکام مزید تحقیقات کر رہے ہیں اور ملوث ایجنٹوں و سہولت کاروں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مار رہے ہیں۔