افغانستان میں فضائی کارروائی معصوم جانوں کا بدلہ ہے،طارق فضل چودھری
اسلام آباد: وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چودھری نے کہا ہے کہ پاک فضائیہ کی افغانستان میں بروقت اور مؤثر کارروائی معصوم جانوں کا بدلہ ہے اور پاکستان کے خلاف سازشوں کا واضح جواب ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ افغانستان میں موجود فتنہ الخوارج کے ٹھکانوں کو فضائیہ کے شاہینوں نے کامیابی سے نشانہ بنایا، جس سے یہ پیغام بھیجا گیا کہ پاکستان کمزور نہیں بلکہ شہداء کے لہو سے مضبوط ہوا ہے۔
طارق فضل چودھری نے مزید کہا کہ یہ کارروائی صرف ایک آپریشن نہیں بلکہ ہر اس ماں کے آنسوؤں کا جواب اور ہر اس بچے کے خوابوں کا تحفظ ہے جس نے ایک محفوظ پاکستان کی خواہش رکھی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو کمزور سمجھنے کی غلطی کرنے والے یاد رکھیں کہ ہم امن کے خواہاں ہیں مگر اپنی سرزمین، عوام اور وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان ہماری پہچان، غیرت اور ایمان ہے اور ملک کے ہر انچ کی حفاظت یقینی بنائی جائے گی، ریاست پر اٹھنے والی ہر میلی آنکھ کا جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان ہمیشہ قائم رہے گا اور اس کی حفاظت ہر قیمت پر کی جائے گی۔