بلوچستان میں آپریشن شعبان، 96 گھنٹوں میں 71 سے زائد دہشتگرد ہلاک

شعبان اور دیگر علاقوں میں کلیئرنس آپریشن دہشتگردوں کے مکمل خاتمے تک جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

September 27, 2026 · اہم خبریں
بلوچستان میں آپریشن شعبان، 96 گھنٹوں میں 71 سے زائد دہشتگرد ہلاک

بلوچستان میں آپریشن شعبان، 96 گھنٹوں میں 71 سے زائد دہشتگرد ہلاک

بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائیاں کرتے ہوئے 96 گھنٹوں کے دوران 71 سے زائد دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کوئٹہ کے علاقے شعبان اور زیارت کے گردونواح میں انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر ’’آپریشن شعبان‘‘ شروع کیا گیا۔

سکیورٹی فورسز نے کارروائی کے دوران فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان سے وابستہ دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا، جس میں ابتدائی طور پر 33 دہشتگرد مارے گئے۔ آپریشن کے اگلے مرحلے میں کارروائیوں کا دائرہ وسیع کیا گیا اور مزید 23 غیر ملکی سرپرستی یافتہ دہشتگردوں کو ہلاک کردیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع نوشکی میں بھی انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائی کی گئی، جہاں 11 دہشتگرد ہلاک ہوئے۔ مند کے علاقے میں کارروائی کے دوران فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے مزید 6 دہشتگرد مارے گئے جبکہ بڑی مقدار میں اسلحہ اور بارودی مواد بھی برآمد کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق بلوچستان میں گزشتہ 96 گھنٹوں کے دوران مجموعی طور پر 71 سے زائد بھارتی و افغان سرپرستی یافتہ دہشتگرد ہلاک کیے گئے، جبکہ سکیورٹی فورسز نے ایک وسیع علاقے کو دہشتگردوں سے کلیئر کرلیا ہے۔ شعبان اور دیگر علاقوں میں کلیئرنس آپریشن دہشتگردوں کے مکمل خاتمے تک جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ اپیکس کمیٹی کے ’’عزمِ استحکام‘‘ وژن کے تحت ملک میں دہشتگردی کے خلاف کارروائیاں بھرپور عزم کے ساتھ جاری رکھی جائیں گی۔

صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم محمد شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بلوچستان میں دہشتگردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔

صدر مملکت نے دہشتگردوں کے متعدد ٹھکانوں کو کلیئر کرنے کو سکیورٹی فورسز کی اہم کامیابی قرار دیا، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ غیر ملکی سرپرستی اور معاونت سے ہونے والی دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کو قوم کا سرمایہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں قوم اپنی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔