ذوالفقار علی بھٹو کی بیوہ بنگلہ دیش کی رکن پارلیمنٹ منتخب،معاملہ کیا ہے ؟

February 23, 2026 · اہم خبریں, بام دنیا
فائل فوٹو

ڈھاکا :بنگلہ دیشی سیاست دان عشرت سلطانہ ایلین بھٹو کے حوالے سے سوشل میڈیا یا خبروں میں اکثر یہ مغالطہ پیدا ہوتا ہے کہ وہ سابق پاکستانی وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو کی بیوہ ہیں، حالانکہ حقیقت اس کے برعکس ہے۔

گزشتہ کچھ عرصے سے سوشل میڈیا اور بعض حلقوں میں یہ خبر گردش کر رہی ہے کہ پاکستان کے سابق وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو کی “بیوہ” بنگلہ دیش میں رکن پارلیمنٹ منتخب ہوئی ہیں۔ تاہم تاریخی حقائق اور سیاسی ریکارڈ کی چھان بین سے معلوم ہوا ہے کہ یہ محض ناموں کی مماثلت کی بنیاد پر پیدا ہونے والی ایک غلط فہمی ہے۔

بنگلہ دیش سے تعلق رکھنے والی خاتون سیاست دان عشرت سلطانہ ایلین بھٹو (Israt Sultana Elen Bhutto) دراصل بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (BNP) کی رہنما ہیں۔ وہ بنگلہ دیش کے حلقہ ‘جھالوکاتی-2’ (Jhalokati-2) سے رکن پارلیمنٹ منتخب ہوئی تھیں۔ ان کا پاکستان کے بھٹو خاندان یا ذوالفقار علی بھٹو سے کوئی خونی یا ازدواجی تعلق نہیں۔

عشرت سلطانہ کے شوہر کا نام ذوالفقار علی بھٹو (Zulfiker Ali Bhutto) تھا، جو خود بنگلہ دیش کے ایک معروف سیاست دان اور اسی حلقے سے رکن پارلیمنٹ رہ چکے تھے۔ چونکہ ان کے شوہر کا نام پاکستانی لیڈر ذوالفقار علی بھٹو کے ہوبہو تھا، اسی وجہ سے عشرت سلطانہ اپنے نام کے ساتھ ‘بھٹو’ کا لاحقہ استعمال کرتی ہیں۔

پاکستان کے سابق وزیر اعظم مرحوم ذوالفقار علی بھٹو کی دو بیویاں تھیں؛ پہلی بیگم امیر بیگم اور دوسری نصرت بھٹو۔ ان کا انتقال 1979 میں ہوا۔

بنگلہ دیشی ذوالفقار علی بھٹو: یہ صاحب بنگلہ دیشی سیاست دان تھے جن کا انتقال دسمبر 2000 میں ہوا۔ ان کی وفات کے بعد ان کی بیوہ عشرت سلطانہ ایلین بھٹو نے سیاست میں قدم رکھا اور 2001 کے عام انتخابات میں اپنے شوہر کی نشست سے کامیابی حاصل کی۔