جنگ ہوئی تو پورا خطہ متاثر ہوگا،ایران کا امریکا کو سخت انتباہ

February 24, 2026 · اہم خبریں, بام دنیا

ایران نے امریکا کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر نئی جنگ مسلط کی گئی تو اس کے اثرات صرف چند ممالک تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ پورا خطہ اس کی لپیٹ میں آ جائے گا۔

ایرانی نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے امریکا اور اسرائیل کا نام لیے بغیر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی ممکنہ تصادم کے نتائج وسیع اور دور رس ہوں گے۔ ان کے مطابق خطے میں کشیدگی بڑھانے کی کسی بھی کوشش کے سنگین نتائج برآمد ہو سکتے ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ماضی میں ہونے والی بارہ روزہ جھڑپوں میں ایران کے مخالفین کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ ان کا کہنا تھا کہ اب انتشار اور بدامنی پیدا کر کے ایک نئے فوجی اقدام کی راہ ہموار کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

کاظم غریب آبادی نے مزید کہا کہ مخالف قوتیں جنگ شروع تو کر سکتی ہیں، لیکن اسے اپنی مرضی کے مطابق ختم کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتیں۔