نکاح کی حمایت مگرحرکات پر اعتراض: وائرل بزرگ دولہا کون ہے؟
سوشل میڈیا پر راولپنڈی سے تعلق رکھنے والے ایک عمررسیدہ حکیم بابر کی شادی کی خبریں اور ویڈیوز وائرل ہو رہی ہیں۔ بعض جگہ انہیں 60 اور کسی جگہ 70 سالہ قراردیا جارہاہے۔
راولپنڈی میں النور دواخانہ نامی مطب کے مالک، حکیم بابر نے حال ہی میں ایک نوجوان خاتون سے نکاح کیا ہے،جن کی عمر 26برس بتائی جاتی ہے۔ ان کے مطابق یہ پسند کی شادی ہے جس میں گھر والوں کی رضامندی بھی شامل تھی۔ حکیم صاحب نے بتایا کہ وہ دو سال سے اس رشتے کے لیے کوشش کر رہے تھے اور لڑکی کے گھر والوں کو منانے کے بعد یہ نکاح شرعی اور قانونی طریقے سے انجام پایا۔
حکیم بابر کا کہنا ہے کہ انہوں نے سنتِ نبوی پر عمل کرتے ہوئے ایک طلاق یافتہ خاتون سے نکاح کیا ہے۔ ان کے نزدیک اصل چیز نیت کی سچائی اور دل کا جوان ہونا ہے، اور یہ کہ نکاح کرنا کسی بھی برائی یا ناجائز تعلق سے بہتر ہےان کی اہلیہ نے بھی اس رشتے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب دو انسانوں کے درمیان محبت اور مفاہمت ہو تو عمر کا فرق اہمیت نہیں رکھتا۔انہوں نے مزید بتایاکہ یہ لواینڈ ارینج میرج ہے۔ لڑکی طلاق یافتہ تھی۔2سال پہلے ہمیںپیارہواتھا۔اس کے بعد لڑکی کے گھروالوں کومنانے میں 2سال کوششیں کیں۔
سوشل میڈیا پر اس حوالے سے ملا جلا ردعمل دیکھنے میں آیا ہے۔ بہت سے صارفین نے نکاح کے عمل کی تعریف کی ہے اور اسے معاشرے میں حلال رشتے کو آسان بنانے کی جانب ایک مثبت قدم قرار دیا ہے۔ لوگ جوڑے کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کر رہے ہیں۔
کچھ صارفین کی جانب سے حکیم صاحب کے سوشل میڈیا پر حد سے زیادہ متحرک ہونے اور برائیڈل شوٹ کے دوران ان کے طرزِ عمل پر تنقید کی جا رہی ہے۔ ان کا خیال ہے کہ عوامی سطح پر اس طرح کی نمائش سے گریز کرنا چاہیے تھا۔ایک صارف نے لکھاکہ بابا جی!اگر اللہ نے آپ کی سن ہی لی ہے تو عزت بچا کر رکھیں،میڈیا میں آئیں ۔ ضرور آئیں ۔ انٹرویوز بھی دیں،لیکن ایسی حرکتوں سے بچیں۔