باجوڑ: نوے کلے میں ابابیل اسکواڈ پر فائرنگ، 4 اہلکار شہید
باجور: ضلع باجوڑ کی تحصیل کے علاقے نوے کلے میں نامعلوم مسلح افراد کی جانب سے پولیس کی ‘ابابیل فورس’ پر بزدلانہ حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں 4 اہلکار جام شہادت نوش کر گئے جبکہ 2 اہلکار زخمی بھی ہوئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق ابابیل فورس معمول کے گشت پر تھی کہ گھات لگائے دہشت گردوں نے اچانک حملہ کر دیا۔ فائرنگ کے نتیجے میں اہلکار یارزادہ، داؤد، عمران اور سراج موقع پر ہی جامِ شہادت نوش کر گئے۔ زخمی اہلکاروں ارشاد اور عزیز کو فوری طور پر مقامی اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
واقعے کے فوراً بعد سیکیورٹی فورسز اور پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔علاقے کو مکمل طور پر سیل کر دیا گیا ہے،شہدا کی میتوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرہسپتال خار منتقل کر دیا گیا ہے۔
ملزمان کی گرفتاری کے لیے نوی کلے اور گردونواح کے پہاڑی علاقوں میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔