“مزہ نہ کرا دیا تو پیسے واپس” اور”شوق پورا کر دیتے ہیں”۔پاکستانی فوجی ترجمان کے جملے 2 ماہ میں حقیقت بن گئے

February 27, 2026 · امت خاص

 

افغان طالبان کی مہم جوئی پر ہلاکت خیز اور تباہ کن پاکستانی جواب نے، کچھ عرصہ قبل فوجی ترجمان کے جملے “مزہ نہ کرا دیا تو پیسے واپس” کو دوبارہ وائرل کر دیا ۔

6 جنوری 2026 کو افواج پاکستان کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل شریف احمد چودھری نے افغانستان کی طالبان رجیم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا کہ افغان طالبان کو مودی کی شکل میں ایک نیا ہیرو مل گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ افغان طالبان، خوارج اور ہندوستان گٹھ جوڑ 2025 میں کھل کر سامنے آگئے ہیں، اس سال کچھ اور باریک وارداتیے بھی سامنے آئے ہیں، افغانستان اور ہندوستان آ جائیں، ان کا شوق پورا کر دیتے ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے یہ بھی کہا تھا کہ لے آو جس کو لانا ہے، اوپر سے آ نا ہے، نیچے سے آ نا ہے، دائیں سے آنا ہے، بائیں سے آنا ہے، کسی کے ساتھ آنا ہے، ایک بار مزہ نہ کرا دیا تو پیسے واپس۔

گزشتہ روز افغان رجیم کی جارحیت کے بعد جوابی کارروائی “آپریشن غضب للحق” لانچ کیا گیا جس میں پاک فوج اور پاک فضائیہ نے بڑے پیمانے پر افغانستان کے اندر حملے کیے ہیں۔
چند گھنٹوں کی پاکستانی فوجی کارروائی نے افغانستان کو تاریخی تباہی سے دو چار کر دیاہے۔ رات بھر جاری رہنے والے شدید اور موثر حملوں نے طالبان رجیم کی فوجی طاقت پر کاری ضرب لگاتے ہوئے اس کی کمر توڑ دی۔

افغانستان کو اتنے کم وقت میں اتنے بڑے حجم کا عسکری نقصان کبھی نہیں پہنچا جتنا ایک رات کے دوران فوجی آپریشن سے ہو چکا ہے۔

اب تک جو تفصیلات سامنے آئی ہے، ان کے مطابق طالبان کی جنگی مشینری اور نظام کو سخت نقصان اٹھانا پڑا ہے۔