حملے کے بعد ایرانی عوام کے نام امریکی صدر کا وڈیو پیغام

امریکہ آپ کی بے پناہ طاقت اور تباہ کن قوت کے ساتھ پشت پناہی کر رہا ہے۔ٹرمپ

               
February 28, 2026 · امت خاص

 

امریکی صدرٹرمپ نے کہاہے کہ ہم ایران کے میزائلوں کو تباہ اور ان کی میزائل انڈسٹری کو زمین بوس کر دیں گے۔ ہم ان کی بحریہ کو نیست و نابود کرنے جا رہے ہیں۔ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ خطے میں موجود ان کی پراکسی اب خطے یا دنیا کو مزید غیر مستحکم نہ کر سکیں۔ہم یہ بھی یقینی بنائیں گے کہ ایران ایٹمی ہتھیار حاصل نہ کر سکے۔ یہ ایک بہت سادہ سا پیغام ہے۔ ان کے پاس کبھی ایٹمی ہتھیار نہیں ہوں گے۔اس حکومت کو جلد معلوم ہو جائے گا کہ کسی کو بھی امریکی مسلح افواج کی طاقت اور عظمت کو چیلنج نہیں کرنا چاہیے۔

 

ٹرمپ نے اشارہ دیا کہ ایران میں جاری حملوں کا مقصد وہاں کی حکومت کا تختہ الٹنا ہے، اور انہوں نے ایرانی عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس موقع کا فائدہ اٹھائیں اور اپنی حکومت کا کنٹرول سنبھال لیں۔امریکی حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے آٹھ منٹ کے ویڈیو بیان میں ٹرمپ نے کہاکہ اسلامی انقلابی گارڈز (IRGC)، مسلح افواج اور تمام پولیس اہلکاروں سے میں آج یہ کہتا ہوں کہ آپ اپنے ہتھیار ڈال دیں اور مکمل تحفظ حاصل کریں، بصورتِ دیگر یقینی موت کا سامنا کرنے کے لیے تیار رہیں۔ایران کے عظیم، قابل فخر لوگو، آپ کی آزادی کی گھڑی قریب ہے،پناہ میں رہیں، اپنا گھر نہ چھوڑیں۔ باہرجانا بہت خطرناک ہے،ہر جگہ بم گر رہے ہوں گے۔جب ہم فارغ ہو جائیں گے، تو اپنی حکومت سنبھال لیں۔ یہ آپ کی ہوگی۔ یہ شاید نسلوں تک آپ کا واحد موقع ہوگا۔

 

امریکی صدرنے وڈیوپیغام میں مزید کہاکہ کئی سال سے، آپ نے امریکہ کی مدد مانگی، لیکن آپ کو نہیں ملی تو دیکھتے ہیں کہ آپ کیا ردعمل دیتے ہیں۔ امریکہ آپ کی بے پناہ طاقت اور تباہ کن قوت کے ساتھ پشت پناہی کر رہا ہے۔اب وقت آگیا ہے کہ اپنی تقدیر کا کنٹرول سنبھال لیں اور اس خوشحال اور شاندار مستقبل کو آزاد کریں جو آپ کی پہنچ میں ہے۔ یہ عمل کا لمحہ ہے۔ اسے گزرنے نہ دیں۔