امارات پر حملے میں 3 افراد جاں بحق، 58 زخمی ہوئے، ایران نے 165 بیلسٹک میزائل، 541 ڈرون داغے ، وزارتِ دفاع

فضائی دفاعی نظام کی جانب سے میزائلوں اور ڈرونز کو تباہ کرنے کے عمل کے دوران ان کا کچھ ملبہ ملک کے مختلف علاقوں میں گرا، وزارت دفاع

               
فائل فوٹو

فائل فوٹو

ابو ظہبی:  متحدہ عرب امارات کی وزارتِ دفاع نے اتوار کے روز جاری کیے گئے بیان میں تصدیق کی ہے کہ ایران کی جوابی کارروائی کے دوران 3 افراد جاں بحق ہو گئے۔ وزارت کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں پاکستان، نیپال اور بنگلہ دیش کے شہری شامل ہیں، جو ایرانی ڈرون حملوں کے نتیجے میں نشانہ بنے۔ یہ ڈرون ملک کے فضائی دفاعی نظام سے بچ کر زمین تک پہنچے اور وہاں نقصان کا سبب بنے۔

بیان میں بتایا گیا کہ ان حملوں کے نتیجے میں کم از کم 58 افراد کو معمولی نوعیت کے زخم آئے ہیں، جبکہ متعدد مقامات پر املاک کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔

وزارتِ دفاع کے مطابق ایران نے مجموعی طور پر 165 بیلسٹک میزائل داغے، جن میں سے 152 کو فضائی دفاعی نظام نے تباہ کر دیا جبکہ 13 سمندر میں جا گرے۔ اس کے علاوہ دو کروز میزائلوں کی بھی نشاندہی کر کے انہیں فضا ہی میں مار گرایا گیا۔

بیان کے مطابق ایران کی جانب سے541 ڈرون بھی چھوڑے گئے، جن میں سے 506 کو راستے میں روک کر تباہ کر دیا گیا، جبکہ 35 ملک کے اندر مختلف مقامات پر آ گرے۔

وزارت نے مزید کہا کہ فضائی دفاعی نظام کی جانب سے میزائلوں اور ڈرونز کو تباہ کرنے کے عمل کے دوران ان کا کچھ ملبہ ملک کے مختلف علاقوں میں گرا، جس کے باعث شہری املاک کو معمولی اور درمیانے درجے کا نقصان پہنچا، تاہم مجموعی صورتحال قابو میں ہے اور متعلقہ ادارے مکمل طور پر متحرک ہیں۔