پاکستان موجودہ صورتحال میں ایران کے ساتھ کھڑا ہے، اسحاق ڈار
کشیدگی کے خاتمے کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں
اسلام آباد میں سینیٹ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان موجودہ صورتحال میں ایران کے ساتھ کھڑا ہے اور کشیدگی کے خاتمے کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے
انہوں نے کہا کہ 28 فروری کو صورتحال پر پاکستان کی جانب سے ابتدائی ردعمل دیا گیا، جس کے بعد آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت کی خبر سامنے آئی۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے اس واقعے پر افسوس کا اظہار کیا۔ اسحاق ڈار کے مطابق پاکستان نے ماضی میں بھی ایران سے متعلق معاملات کو سلجھانے کے لیے کردار ادا کیا اور حالیہ کشیدگی کے بعد بھی پسِ پردہ سفارتی رابطے کیے گئے۔
نائب وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وزیراعظم اور عسکری قیادت نے بھی مثبت اور متحرک کردار ادا کیا۔ انہوں نے زور دیا کہ داخلی سطح پر اس معاملے کو غلط انداز میں پیش نہیں کیا جانا چاہیے، کیونکہ پاکستان کی سفارتی کوششوں سے متعلق ایران آگاہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ پیش رفت کے دوران ایران ایٹمی ہتھیار نہ بنانے پر آمادگی ظاہر کر چکا تھا، تاہم اس کے باوجود حملہ کیا گیا۔ ان کے بقول، کسی بھی ملک کی قیادت کو نشانہ بنانا عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔
اسحاق ڈار نے بتایا کہ گزشتہ چند دنوں میں متعدد ممالک سے رابطے کیے گئے ہیں اور کوشش کی جا رہی ہے کہ فریقین کو مذاکرات کی میز پر لایا جائے تاکہ بات چیت کے ذریعے مسئلے کا حل نکالا جا سکے۔