ایران کے جوابی حملوںسے 4 دن میں امریکہ کو کتنے ارب ڈالر کا نقصان ہوا؟

کویت میں گرائے گئے طیاروں کی لاگت 282 ملین ڈالر ہے

               
March 4, 2026 · امت خاص

 

ایران کے خلاف حملوں کے دوران، اب تک، امریکہ کو تقریباً 2 ارب ڈالر مالیت کے فوجی ساز و سامان کا نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ان اخراجات کی بڑی وجہ قطر کے العدید ایئر بیس پر موجود امریکی AN/FPS-132 ارلی وارننگ ریڈار سسٹم ہے، جس کی مالیت 1.1 ارب ڈالر ہے اور یہ ہفتے کو ایرانی میزائل حملے کا نشانہ بنا تھا۔ قطر نے ریڈار کو نقصان پہنچنے کی تصدیق کی ہے۔

 

اتوار کے روز، کویتی فضائیہ کے دفاعی نظام کی جانب سےفرینڈلی فائرکے واقعے میں 3 عدد F-15E اسٹرائیک ایگل طیارے تباہ ہو گئے۔ اگرچہ تمام چھ عملہ ارکان محفوظ رہے، لیکن ان طیاروں کی متبادل لاگت کا تخمینہ 282 ملین ڈالر لگایا گیا ہے۔

 

ہفتے کے روز اپنے ابتدائی جوابی حملے میں، ایران نے بحرین کے شہر منامہ میں امریکی بحریہ کے پانچویں بیڑے (Fifth Fleet) کے ہیڈ کوارٹرز کو نشانہ بنایا، جس سے دو سیٹلائٹ کمیونیکیشن ٹرمینلز اور کئی بڑی عمارتیں تباہ ہوئیں۔ اوپن سورس انٹیلی جنس رپورٹس کے مطابق، ان ٹرمینلز کی مالیت تنصیب کے اخراجات سمیت تقریباً 20 ملین ڈالر ہے۔

 

ایران نے متحدہ عرب امارات کے الرویس انڈسٹریل سٹی میں نصب THAAD اینٹی بیلسٹک میزائل سسٹم کے AN/TPY-2 ریڈار جز کو بھی تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ سیٹلائٹ تصاویر سے اس حملے کی تصدیق ہوتی ہے، اور اس ریڈار کی مالیت کا تخمینہ 500 ملین ڈالر ہے۔

 

ان تمام نقصانات کو ملا کر، ایران نے خطے میں1902ارب ڈالر مالیت کے امریکی فوجی اثاثوں کو نقصان پہنچایا ہے۔

ہفتے سے شروع ہونے والی امریکہ اور اسرائیل کی کارروائیوں کے بعد سے ایران نے مشرق وسطیٰ میں کم از کم سات امریکی فوجی مقامات کو نشانہ بنایا ہے، جن میں بحرین، کویت، عراق، متحدہ عرب امارات اور قطر کے اہم اڈے شامل ہیں۔

 

علاوہ ازیں، سعودی عرب، کویت اور متحدہ عرب امارات میں امریکی سفارتی مشن بھی حملوں کی زد میں آئے ہیں۔ ریاض میں امریکی سفارت خانے پر ڈرون حملے ہوئے، کویت سٹی میں سفارت خانہ غیر معینہ مدت کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔ دبئی میں امریکی قونصل خانے کے قریب بھی ایک ڈرون گرا جس سے پارکنگ ایریا میں آگ لگ گئی۔