طورخم کے نزدیک دراندازی کی کوشش ناکام بنا دی،افغان طالبان کمانڈر ہلاک
ہلاک ہونے والے افغان طالبان کمانڈر کا تعلق جلال آباد سے تھا۔
فائل فوٹو
راولپنڈی : آپریشن غضب للحق کے تحت افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کے خلاف پاک فوج کی جوابی کارروائیاں جاری ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع نے بتایا ہے کہ پاک فوج نے طورخم کے نزدیک فتنہ الخوارج کی دراندازی کی کوشش ناکام بنا دی۔ کارروائی کے دوران دراندازی کرنے والا افغان طالبان کا مبینہ سرغنہ قہرمان اپنے ساتھیوں سمیت ہلاک ہو گیا۔ ہلاک ہونے والے افغان طالبان کمانڈر کا تعلق جلال آباد سے تھا۔
اس سے قبل پاک فوج نے افغان طالبان، فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے 50 ٹھکانوں کو تباہ کر دیا، کارروائیاں 3 اور 4 مارچ کی درمیانی شب بھاری ہتھیاروں کے ساتھ کی گئیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق قلعہ سیف اللّٰہ، چمن، سمبازہ، گھڈوانہ، جانی اور غزنالی سیکٹر میں مؤثر کارروائیاں کی گئیں، ان مقامات کو سرحد پار سے دہشت گردی کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک فوج ملکی خود مختاری اور شہریوں کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔
باجوڑ میں پولیس پوسٹ پر فائرنگ، اے ایس آئی شہید
باجوڑ کی تحصیل واڑہ ماموند میں بدان پولیس پوسٹ پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے اے ایس آئی دولت خان شہید ہو گئے۔
ڈی پی او خالد خان کے مطابق فائرنگ کے واقعے کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے تاکہ ملزمان کو گرفتار کیا جا سکے۔ شہید اے ایس آئی کی نمازِ جنازہ پولیس لائن میں ادا کی جائے گی۔