عیدالفطر کیلیے نئے کرنسی نوٹ کہاں سے ملیں گے ، اسٹیٹ بینک نے بتا دیا
شہری اپنے موبائل سے ایس ایم ایس میں اپنا شناختی کارڈ نمبر لکھ کر اسپیس کے بعد پسندیدہ بینک برانچ کا کوڈ درج کریں اور 8877 پر بھیج دیں، اسٹیٹ بینک
فائل فوٹو
کراچی: اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے عیدالفطر کے موقع پر نئے کرنسی نوٹ حاصل کرنے کے خواہشمند شہریوں کیلیے ہدایات جاری کر دی ہیں ۔
اسٹیٹ بینک رمضان کے دوسرے ہفتے میں 8877 شارٹ کوڈ سروس فعال کرتا ہے۔ شہری اپنے موبائل سے ایس ایم ایس میں اپنا شناختی کارڈ نمبر لکھ کر اسپیس کے بعد پسندیدہ بینک برانچ کا کوڈ درج کریں اور 8877 پر بھیج دیں۔ جواب میں ایک منفرد ٹرانزیکشن کوڈ اور برانچ کا پتہ موصول ہوگا۔ایس ایم ایس موصول ہونے کے بعد شہری اصل شناختی کارڈ اور اس کی کاپی کے ساتھ متعلقہ بینک برانچ جائیں۔ بینک عملہ ٹرانزیکشن کوڈ کی تصدیق کے بعد عموماً 10، 20 اور 50 روپے کے نئے نوٹوں کے پیکٹس فراہم کرتا ہے۔
اگر 8877 سروس مصروف ہو تو شہری براہ راست اپنی بینک برانچ سے بھی رابطہ کر سکتے ہیں۔ اکثر کمرشل بینک اپنے اکاؤنٹ ہولڈرز کیلئے محدود تعداد میں نئے نوٹ رکھتے ہیں اور انہیں ترجیحی بنیادوں پر فراہم کرتے ہیں۔کراچی، لاہور اور اسلام آباد جیسے بڑے شہروں میں اسٹیٹ بینک بینکنگ سروسز کارپوریشن کے دفاتر میں بھی نئے نوٹ دستیاب ہوتے ہیں جہاں پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر نوٹ تبدیل کیے جاتے ہیں۔بینک رمضان کے آخری دس دنوں میں اے ٹی ایمز میں نسبتاً صاف ستھرے 500 اور 1000 روپے کے نوٹ لوڈ کرتے ہیں جو عیدی دینے کیلئے استعمال کیے جا سکتے ہیں۔