ایران جنگ کے باعث مشرق وسطیٰ کی پروازیں شدید متاثر۔آج 104پروازیں منسوخ
لاہور سے دبئی، دوحہ، شارجہ، کویت، دمام اور ابوظبی کے لیے 27 پروازیں منسوخ کی گئیں
نجکاری سے قبل رضاکارانہ ریٹائرمنٹ کی تجویزپر بھی غورکیاگیا، فائل فوٹو
ایران، امریکا اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی اور جنگی صورتحال کے باعث پاکستان سے مشرقِ وسطیٰ جانے والی فضائی پروازیں شدید متاثر ہو گئی ہیں۔ جمعہ کے روز بھی پاکستان سے مشرقِ وسطیٰ کے مختلف شہروں کے لیے 104 پروازیں منسوخ کر دی گئیں جبکہ چند پروازوں کی جزوی بحالی شروع ہو گئی ہے۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق کراچی سے دبئی، دوحہ، ابوظبی، شارجہ اور بحرین کے لیے 21 پروازیں منسوخ ہوئیں۔ لاہور سے دبئی، دوحہ، شارجہ، کویت، دمام اور ابوظبی کے لیے 27 پروازیں منسوخ کی گئیں۔
اسلام آباد سے دوحہ، ابوظبی، بحرین، شارجہ اور دبئی کے لیے 29 پروازیں منسوخ ہوئیں تاہم 14 پروازیں روانگی کے لیے تیار ہیں۔ پشاور سے دوحہ، ابوظبی، دبئی، شارجہ اور جدہ کے لیے 12 پروازیں منسوخ جبکہ 4 پروازیں شیڈول کی گئی ہیں۔
اسی طرح ملتان سے دوحہ، دبئی، شارجہ، ابوظبی اور دمام کے لیے 8 پروازیں منسوخ جبکہ 7 پروازیں روانگی کے لیے تیار ہیں۔ فیصل آباد سے دبئی، شارجہ اور جدہ کے لیے 7 پروازیں منسوخ ہوئیں جبکہ 2 پروازوں کے آپریٹ ہونے کی توقع ہے۔
کوئٹہ سے شارجہ اور دبئی کی چاروں پروازیں آپریٹ ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے کے دوران پاکستان سے مشرقِ وسطیٰ جانے والی منسوخ پروازوں کی مجموعی تعداد 1130 تک پہنچ گئی ہے۔
دوسری جانب اماراتی ائیرپورٹس پر پروازوں کی بحالی کا عمل جاری ہے اور ایک دن میں تقریباً 400 پروازیں آپریٹ کی گئی ہیں جن میں دبئی سے 250، ابوظبی سے 50 اور شارجہ سے 45 پروازیں شامل ہیں۔
راس الخیمہ سے لاہور اور ممبئی کے لیے 4 پروازیں آپریٹ کی گئی ہیں تاہم دوحہ، بحرین اور کویت سے گزشتہ 6 روز سے کوئی پرواز روانہ نہیں ہو سکی۔