خلیجی ممالک کے لیے فلائٹ آپریشن متاثر۔97 پروازیں منسوخ۔ 58 متوقع

کراچی سے دوحہ، دبئی، شارجہ، ابوظبی اور بحرین جانے والی 25 پروازیں منسوخ ہوئیں

               
March 7, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

مشرق وسطیٰ میں جاری جنگ کے اثرات کے باعث پاکستان سے مشرق وسطیٰ جانے والی فضائی پروازیں بدستور متاثر ہیں۔ تازہ اطلاعات کے مطابق آج بھی پاکستان سے مختلف خلیجی ممالک کے لیے 97 پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں جبکہ 58 پروازوں کے آپریشن کی توقع ظاہر کی جارہی ہے۔

حکام کے مطابق کراچی سے دوحہ، دبئی، شارجہ، ابوظبی اور بحرین جانے والی 25 پروازیں منسوخ ہوئیں جبکہ 13 پروازوں کے روانہ ہونے کا امکان ہے۔ اسی طرح لاہور سے ابوظبی، دبئی، دوحہ اور شارجہ کی 22 پروازیں منسوخ کردی گئیں اور 7 پروازوں کے آپریشن متوقع ہیں۔

اسلام آباد سے دبئی، ابوظبی، دوحہ اور شارجہ کی 26 پروازیں منسوخ کی گئیں جبکہ 16 پروازیں آپریشنل رہنے کی توقع ہے۔ پشاور سے شارجہ، ابوظبی، دبئی اور راس الخیمہ کی 10 پروازیں منسوخ ہوئیں جبکہ 6 پروازوں کے روانہ ہونے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔

سیالکوٹ سے دوحہ، دبئی اور شارجہ کی 5 پروازیں منسوخ کی گئیں جبکہ 4 پروازیں آپریٹ کی جارہی ہیں۔ ملتان سے شارجہ، دبئی، ابوظبی اور دمام کی 6 پروازیں منسوخ ہوئیں جبکہ فیصل آباد سے دبئی اور شارجہ کی 3 پروازیں منسوخ اور 4 پروازیں آپریشنل ہیں۔

رپورٹس کے مطابق گزشتہ 8 روز کے دوران پاکستان سے مشرق وسطیٰ کے لیے منسوخ ہونے والی پروازوں کی مجموعی تعداد 1300 تک پہنچ گئی ہے جبکہ پورے مشرق وسطیٰ میں ایک ہفتے کے دوران منسوخ پروازوں کی تعداد 27 ہزار 600 سے تجاوز کرچکی ہے۔ دوسری جانب دوحہ ایئرپورٹ انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ ایک ہفتے کی بندش کے بعد آج سے فلائٹ آپریشن جزوی طور پر بحال کردیا گیا ہے۔