میک اَپ لگا کر سونا جلد کے لیے کتنا نقصان دہ؟
میک اَپ صرف رنگ نہیں ہوتا بلکہ اس میں آئل، گرد و غبار، خوشبو اور مختلف کیمیکلز شامل ہوتے ہیں۔
اکثر خواتین تھکن کے باعث رات کو میک اَپ صاف کیے بغیر ہی سو جاتی ہیں اور سوچتی ہیں کہ ایک رات سے کیا فرق پڑے گا۔ تاہم ماہرینِ جلد کے مطابق یہ معمولی سی لاپرواہی جلد کے لیے بڑے مسائل پیدا کر سکتی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ میک اَپ صرف رنگ نہیں ہوتا بلکہ اس میں آئل، گرد و غبار، خوشبو اور مختلف کیمیکلز شامل ہوتے ہیں۔ جب یہ تمام اجزا رات بھر چہرے پر موجود رہتے ہیں تو جلد کے مسام بند ہو جاتے ہیں اور جلد اپنی قدرتی سانس نہیں لے پاتی۔
اس صورتحال کے نتیجے میں کیل مہاسے، داغ دھبے، جلد کی بے رونقی اور وقت سے پہلے جھریاں نمودار ہو سکتی ہیں۔ ماہرین کے مطابق فاؤنڈیشن میں موجود بعض کیمیکلز کولیجن کو بھی کمزور کر دیتے ہیں، جو جلد کو تروتازہ اور جوان رکھنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر میک اَپ آٹھ گھنٹے سے زیادہ دیر تک چہرے پر رہے تو یہ جلد کی قدرتی نمی کو بھی کم کر سکتا ہے، جس کے باعث جلد خشک اور کھردری ہونے لگتی ہے۔ اسی طرح مسکارا اور آئی لائنر کو صاف نہ کیا جائے تو آنکھوں میں جلن، الرجی یا انفیکشن کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے۔
ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ غیر معیاری میک اَپ مصنوعات میں شامل بعض کیمیکلز صرف الرجی ہی نہیں بلکہ طویل عرصے میں جلد کے کینسر کے خطرے میں بھی اضافہ کر سکتے ہیں۔
ماہرینِ صحت کے مطابق اس مسئلے سے بچنے کا حل نہایت آسان ہے۔ سونے سے پہلے چند منٹ نکال کر پہلے پانی یا میک اَپ ریموور سے میک اَپ صاف کریں، پھر کلینزر سے چہرہ دھوئیں اور اس کے بعد ٹونر اور موئسچرائزر استعمال کریں تاکہ جلد رات کے دوران خود کو بحال کر سکے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ جلد کی حفاظت صرف خوبصورتی کا معاملہ نہیں بلکہ صحت کا اہم حصہ بھی ہے، اس لیے سونے سے پہلے میک اَپ صاف کرنا ایک ضروری عادت بنانی چاہیے۔