ایران نے مزید میزائل داغے، اسرائیلی فوج
ایران کے خلاف جنگ کے آغاز کے بعد اب تک امریکہ کے 7 فوجی اہلکار ہلاک ہو چکے ہیں۔
فوٹو سوشل میڈیا
تل ابیب: اسرائیلی دفاعی افواج (آئی ڈی ایف) کا کہنا ہے کہ ایران کی جانب سے مزید میزائل فائر کیے گئے ہیں۔
فضائی حملے کے سائرن بجا دیے گئے ہیں اور عوام کو پناہ گاہوں میں جانے کا حکم دیا گیا ہے، جبکہ فوج ان میزائلوں کو مار گرانے کی کوشش کر رہی ہے۔
میزائل حملہ ناکام بنا دیا گیا ، وزارتِ دفاع قطر
خبر رساں اداروں اے ایف پی اور روئٹرز کے مطابق قطر کے دارالحکومت دوحہ میں دھماکے کی آواز سنی گئی ہے۔
قطر کی وزارتِ دفاع نے کہا ہے کہ مسلح افواج نے ملک کو نشانہ بنانے والے میزائل حملے کو کامیابی سے روک دیا۔
یو اے ای کے 2 اہلکار جاں بحق
یو اے ای کی وزارتِ دفاع نے اعلان کیا ہے کہ مسلح افواج کے دو اہلکار آج ریاست میں اپنے قومی فریضے کی ادائیگی کے دوران فنی خرابی کے باعث ہیلی کاپٹر گرنے سے ہلاک ہو گئے۔
وزارتِ دفاع نے مرنے والے اہلکاروں کے اہلِ خانہ سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
سعودی عرب میں ہلاک ہونے والے امریکی فوجی اہلکار کی شناخت
امریکی محکمہ دفاع نے سعودی عرب میں ہلاک ہونے والے اپنے فوجی اہلکار کی شناخت ظاہر کر دی ہے۔
امریکی محکمہ دفاع کے مطابق کینٹکی سے تعلق رکھنے والے سارجنٹ بنجمن پیننگٹن یکم مارچ کو سعودی عرب کی پرنس سلطان ایئربیس پر حملے میں زخمی ہوئے تھے اور اتوار کو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہو گئے۔
ایران کے خلاف جنگ کے آغاز کے بعد اب تک امریکہ کے 7 فوجی اہلکار ہلاک ہو چکے ہیں۔