سفید بال توڑنے سے کیا وہ زیادہ اُگتے ہیں؟ماہرین نے حقیقت بتا دی
بال دراصل کھوپڑی کے اندر موجود جڑ سے اُگتے ہیں۔ بال کا وہ حصہ جو ہمیں نظر آتا ہے، درحقیقت مردہ حصہ ہوتا ہے
اکثر یہ کہا جاتا ہے کہ اگر سفید بال توڑ دیا جائے تو اس کی جگہ کئی نئے سفید بال اُگ آتے ہیں، لیکن ماہرین کے مطابق یہ بات سائنسی طور پر درست نہیں۔
ماہرینِ جلد کے مطابق بال دراصل کھوپڑی کے اندر موجود جڑ سے اُگتے ہیں۔ بال کا وہ حصہ جو ہمیں نظر آتا ہے، درحقیقت مردہ حصہ ہوتا ہے اور اس کا بال کی اصل نشوونما سے کوئی تعلق نہیں ہوتا۔
یونیورسٹی کالج ڈبلن میں ڈرماٹولوجیکل سائنس کے ماہر پروفیسر ڈیسمنڈ ٹوبن کے مطابق بال کو کاٹنے یا توڑنے سے اس کی بڑھوتری پر کوئی سائنسی اثر نہیں پڑتا، کیونکہ بال کی نشوونما کھوپڑی کے اندر جڑ میں طے ہوتی ہے، نہ کہ بال کے سروں پر۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ بالوں کی رفتارِ نمو، رنگ اور گھنے پن کا تعلق زیادہ تر جینیات، ہارمونز، مجموعی صحت اور غذائیت سے ہوتا ہے، نہ کہ سفید بال توڑنے یا کاٹنے سے۔
البتہ بالوں کے سروں کی خرابی ختم کرنے سے بال بظاہر زیادہ صاف اور صحت مند نظر آ سکتے ہیں، لیکن بالوں کی اصل صحت بہتر بنانے کے لیے سر کی مناسب دیکھ بھال، متوازن غذا اور صحت مند طرزِ زندگی اختیار کرنا ضروری ہے۔