پشاور: ورسک روڈ پر بینک ڈکیتی ناکام بنانے والے ایڈیشنل ایس ایچ او بہار علی شہید

سرکاری اعزاز کے ساتھ نماز جنازہ ادا ، بہار علی مسلح ملزمان کی فائرنگ سے شدید زخمی ہوئے تھے۔

               
March 12, 2026 · اہم خبریں, قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

پشاور:ورسک روڈ پر بینک ڈکیتی کی کوشش کو جوانمردی سے ناکام بنانے والے پشاور پولیس کے ایڈیشنل ایس ایچ او بہار علی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جام شہادت نوش کر گئے۔ شہید پولیس افسر کی نماز جنازہ ملک سعد شہید پولیس لائنز میں مکمل سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کر دی گئی۔

پولیس حکام کے مطابق، ایڈیشنل ایس ایچ او بہار علی 6 مارچ کو ورسک روڈ پر واقع ایک نجی بینک میں ڈکیتی کی واردات ناکام بناتے ہوئے مسلح ملزمان کی فائرنگ سے شدید زخمی ہوئے تھے۔ انہیں فوری طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں وہ چند روز زیر علاج رہنے کے بعد خالق حقیقی سے جا ملے۔

شہید کی نماز جنازہ میں انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی پی) خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید، سی سی پی او پشاور، پاک فوج کے اعلیٰ افسران اور پولیس کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر پولیس کے چاک و چوبند دستے نے شہید کے جسد خاکی کو سلامی دی اور پھولوں کی چادریں چڑھائیں۔

آئی جی پی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے شہید کے لواحقین سے ملاقات کی اور ان سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آئی جی پی کا کہنا تھا کہ “شہید بہار علی کی بہادری اور جرات کو پوری فورس خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ پولیس افسر کا خون رائیگاں نہیں جائے گا اور امن کے قیام کے لیے پولیس کے عزم میں کوئی کمی نہیں آئے گی۔