فلسطینی زمینوں پر قبضے کے خلاف اسرائیلی اداکارہ بول پڑیں

فلسطینی علاقوں پر قبضے، یہودی بستیوں کی توسیع اور اسرائیلی معاشرے میں مذہبی اثر و رسوخ بڑھنے پر مایوسی کا اظہار

October 31, 2026 · بام دنیا
فلسطینی زمینوں پر قبضے کے خلاف اسرائیلی اداکارہ بول پڑیں

فلسطینی زمینوں پر قبضے کے خلاف اسرائیلی اداکارہ بول پڑیں

اسرائیلی اداکارہ چیلی گولڈن برگ نے اپنے ملک کی پالیسیوں اور معاشرتی تبدیلیوں پر ایسی تنقید کر دی جو سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بن گئی۔

اسرائیلی ٹی وی چینل 13 کو دیے گئے ایک انٹرویو کی ویڈیو مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر وائرل ہو رہی ہے، جس میں اداکارہ نے فلسطینی علاقوں پر قبضے، یہودی بستیوں کی توسیع اور اسرائیلی معاشرے میں مذہبی اثر و رسوخ بڑھنے پر مایوسی کا اظہار کیا۔

انٹرویو کے دوران چیلی گولڈن برگ نے کہا کہ وہ خود کو محب وطن سمجھتی ہیں اور اپنے ملک سے محبت بھی کرتی ہیں، لیکن موجودہ حالات میں انہیں اسرائیلی ہونے پر پہلے جیسا فخر محسوس نہیں ہوتا۔

اداکارہ کے مطابق فلسطینیوں کی زمینوں پر قبضے کے نتیجے میں اسرائیلی معاشرے میں مذہبی انتہا پسندی، یہودی بستیوں کی توسیع اور تکبر جیسے رجحانات میں اضافہ ہوا ہے۔

اس گفتگو نے اس وقت غیر متوقع صورت اختیار کر لی جب پروگرام کے میزبانوں نے انہیں بتایا کہ ان کے خیالات براہِ راست نشر ہو چکے ہیں۔

یہ سن کر اداکارہ حیران اور پریشان ہو گئیں۔ انہوں نے میزبانوں سے سوال کیا کہ انہیں یہ کیوں نہیں بتایا گیا کہ پروگرام کی نشریات جاری ہیں۔

چیلی گولڈن برگ کا کہنا تھا کہ وہ سمجھ رہی تھیں کہ پروگرام میں وقفہ ہے اور کیمرے بند ہو چکے ہیں، انہیں اندازہ نہیں تھا کہ ان کی گفتگو براہِ راست نشر کی جا رہی ہے۔