متحدہ قومی مومنٹ نے وفاقی حکومت چھوڑنے کی دھمکی دیدی
روایت رہی ہے کہ سندھ کا گورنر ایم کیو ایم پاکستان کا ہوتا ہے ، فاروق ستار
فائل فوٹو
کراچی: متحدہ قومی مومنٹ پاکستان کے رہنما فاروق ستار کا کہنا ہے کہ ہمیں فی الفور وفاقی حکومت سے باہر آجانا چاہیے۔
گورنر سندھ کی تبدیلی پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان مسلم لیگ ن کی حلیف جماعت ہے۔
ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما نے کہا ہے کہ روایت رہی ہے کہ سندھ کا گورنر ایم کیو ایم پاکستان کا ہوتا ہے۔
ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا ہے کہ پارٹی کو ایسے یکطرفہ فیصلے کے بعد حکومت میں رہنے کا کوئی جواز نہیں۔
قبل ازیں ترجمان ایم کیو ایم کا کہنا تھا کہ ہمیں گورنر سندھ کی تبدیلی کا علم ذرائع ابلاغ سے ہوا ہے، وفاق کی جانب سے ایم کیو ایم پاکستان کو اس فیصلے پر اعتماد میں نہیں لیا گیا، ایم کیو ایم پاکستان اس فیصلے پر جلد اپنا لائحہ عمل طے کرے گی۔
واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما نہال ہاشمی کو گورنر سندھ تعینات کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔