متحدہ عرب امارات سے دو تیل بردار جہاز کراچی بندر گاہ پر لنگرانداز

جہازوں کے ذریعے تقریباً 10 سے 12 کروڑ لیٹر تیل کراچی منتقل کیا گیا ہے

               
March 13, 2026 · قومی
فوٹو سوشل میڈیا

فوٹو سوشل میڈیا

متحدہ عرب امارات کے شہر فجیرہ سے روانہ ہونے والے دو تیل بردار جہاز بحفاظت کراچی بندرگاہ پہنچ گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق ان جہازوں کو پاک بحریہ کی سیکیورٹی میں کراچی لایا گیا، جہاں پہنچنے کے بعد انہیں بندرگاہ پر لنگر انداز کر دیا گیا۔

کے پی ٹی حکام کا کہنا ہے کہ ان جہازوں کے ذریعے تقریباً 10 سے 12 کروڑ لیٹر تیل کراچی منتقل کیا گیا ہے، جس سے ملک میں ایندھن کی فراہمی کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ یہ دونوں جہاز پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کے زیرِ انتظام تھے۔

وفاقی وزیر برائے بحری امور جنید انور نے جہازوں کی محفوظ آمد پر پاک بحریہ کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ خلیج فارس میں موجود دو دیگر جہازوں کی حفاظت بھی یقینی بنائی جائے اور اس حوالے سے وزارتِ خارجہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ ایران سے رابطہ کرکے فوری اقدامات کیے جائیں۔

پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کے حکام کے مطابق یہ تیل ملکی ضروریات کے لیے نہایت اہم ہے اور اس کی بروقت فراہمی توانائی کے شعبے میں استحکام برقرار رکھنے میں مددگار ثابت ہوگی۔